سرینگر//بھارت اور پاکستان کی فورسز کے مابین گذشتہ شب ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ جنگ بندی معاہدے کیخلاف ورزی کرتے ہوئے ہیرا نگر سیکٹر میں کرول کتھنا کے مقام پر گولیاں چلانے کا آغاز پاکستانی رینجرس نے کیا۔
حکام نے مزید کہا کہ بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف ) ہلکاروں نے پاکستانی رینجرس کی فائرنگ کا ”موثر“ جواب دیا۔
حکام کے مطابق کراس فائرنگ کا یہ واقعہ رات بھر جاری رہنے کے بعد آج علی الصبح تھم گیا۔
اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے تاہم سرحد کے قریب رہنے والے شہری گھبرا کر زیر زمین بنکروں میں گئے اور پوری رات وہیں گذاری۔