جموں//جموں وکشمیرکے لیفٹینٹ گورنرنے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ اقامتی اسناد کی اجرائی کے عمل میں بغیر کسی خلل کے سرعت لائیں ۔انہوں نے ان اسناد کے حصول میں درخواست دہندوں کے جوش وخروش کو سراہا۔جموں میں ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ تمام زیرالتواء معاملات کوپندرہ دنوں کے اندر اقامتی اسناد مہیا کی جانی چاہیے اور اس کیلئے10ستمبر آخری تاریخ مقرر کی جس کے بعدالتواء میں رکھے گئے کسی بھی معاملے کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کیلئے ذمہ دار حکام کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔لیفٹینٹ گورنر نے کہاکہ اقامتی اسناد کی حصول کے90فیصد معاملات جوزیرالتواء ہیں وہ آن لائن دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے حکام پرزوردیا کہ وہ آن لائن موڈ میں تیزی لائیں۔ انہوں نے پشتینی باشندوں کو بغیر کسی مزیددستاویزات کے اقامتی سند جاری کرنے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یہا ں سول سیکرٹریٹ جموں میں منعقدہ میٹنگ میں جموں ضلع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کاجائزہ لیا۔ میٹنگ میںڈپٹی کمشنرجموں نے لیفٹیننٹ گورنر کو ضلع کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گور نر کو ضلع میں مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں پر جاری پیش رفت کی عمل آوری کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے عوامی خدمات کی فوری فراہمی اور مرکزی معاونت والی سکیموں کی صد فیصد فوری عمل آوری پر زور دیا۔ اُنہوں نے ضلع میں صد فیصد آدھار اِندراجات کے لئے مدت مقرر کی تاکہ ڈی بی ٹی طریقۂ کار کے ذریعے فوائد کی بلا خلل ادائیگی یقینی بنائی جاسکے۔آیوشمان بھارت یوجنا کے تحت اندراج پر جائزہ لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ حکام کو تضادات دور کرنے کے لئے کہا اور مستحق کنبوں کو سکیم کے تحت فوائد پہنچانے کی ہدایت دی ۔ اِسی طرح لیفٹیننٹ گورنر نے پی ایم کسان یوجنا کے تحت ادائیگیوںمیں کمی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ضلع میں تمام کسانوں کو سکیم کے دائرے میں لایا جائے اور سکیم کے تحت ترمیم شدہ رہنما خطوط کے مطابق مستحقین کو سہولیت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ایم جی نریگا کے تحت اُجرتوں کی ادائیگی کی سست رفتاری کا بھی نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے کام کی تکمیل کے پندرہ دن کے اندر اجرتوں کو یقینی بنانے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی۔اِلتوا ٔمیں پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل میں سرعت لانے پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کی تکمیل کے حتمی مراحل والے پروجیکٹوں کی جنگی بنیا د پر تکمیل یقینی بنائی جائیں ۔ اُنہوں نے افسروں سے عوامی شکایات ازالہ نظام میں نظر ثانی کرنے اور عوام تک رسائی پروگراموں کے ذریعے ان کے ساتھ جڑے رہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع کے سرحدی علاقوں میں رہنے والوں کے مسائل پر غور و خوض کیا اور صوبائی کمشنر کو سرحد پر شہریوں کے لئے تعمیر کئے بنکروں کی کے غیر معیار ہونے کی شکایتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ ڈویژنل کمشنر کو بیک ٹو ولیج پروگراموں کے بعد شروع کئے گئے کاموں پر جاری پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے کہا۔اُنہیں آئی آئی ایم جموں کیمپس کی فصیل اور ذیلی سڑک پر جاری تعمیر اتی کام کی سست رفتاری کا جائزہ لینے کی رپور ٹ پیش کرنے کے لئے کہا۔
جموں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا
جموں//جموں صوبے میں بڑے پیمانے کے پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ میں مفصل جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر کے عوام کو بہترین ترقیاتی بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے ایک مؤثر لائحہ عمل پر اختیار کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے خطے میں بھاری پیمانے پر ترقیاتی تبدیلی لانے کے لئے تمام متعلقین کی جانب سے مشترکہ کوششوں کو لازمی قرار دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے بین محکمہ جاتی تال میل پر زور دیتے ہوئے مشیران اور چیف سیکرٹری کو ان پروجیکٹوں کی باقاعدہ نگرانی کرنے کے لئے کہا تاکہ زمینی سطح پر نتائج کا حصول یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے افسران کو قریبی تال میل قائم کر کے ان ترقیاتی کاموں میں درپیش رُکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے کہا او ران کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو دستیاب وسائل کا منصفانہ استعمال کر کے اور ترقیاتی عمل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور دور کرنے کے لئے کہا۔ چند پروجیکٹوں کی تکمیل میں تاخیر کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنرنے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ کوئی بھی پروجیکٹ بلا وجہ تعطل کا شکار نہ ہو۔ عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ترقیاتی پروجیکٹ خطے کی کلہم ترقی کی بنیاد ہے اور جموںوکشمیر کے عوام کی موجودہ حکومت سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کو بروقت مکمل کر کے لوگوں کی ترقیاتی آرزئوں کو پورا کر نے کے لئے کہا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے مبارک منڈی ہیئر ٹیج کمپلیکس کی بحالی پروجیکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تکنیکی نگرانی اور ڈیزائننگ کے لئے انجینئروں کومبارک منڈی ہیرٹیج کمپلیکس تعینات کرنے کی ہدایت دی۔خطے میں مستحکم ڈھانچے پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے میگا پروجیکٹوں جیسے جموں میں ایمز ، میڈیکل کالجوں اور ہسپتالوں کی تعمیرا ت میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ بس سٹینڈ میں ملٹی لیول پارکنگ پروجیکٹ کے بارے میںلیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ میگا پروجیکٹ میں 80 بس بیز، 167دکانوں ، 1312 گاڑیوں کی رکھنے کی جگہ ، 177 ٹو وہیلر پارک کرنے کی جگہ ، 85,000 مربع فٹ تجارتی مقاصد کے لئے جگہ پرمشتمل ہے اور تکمیل کے حتمی مراحل میں ہے اور اس کے ماہ اکتوبر میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔جموں صوبہ میں ٹاون شپ کی ترقی کے بارے میں انہیں بتایا گیا کہ 11جگہوں کی کم لاگت والے مکانات کی تعمیرکے لئے نشاندہی کی گئی ہے اور یہ ٹاون شپ جموں ، کٹرا، اودھمپور ، اورا کھنور ماسٹر پلان کے تحت تعمیر کئے جارہے ہیں۔ نگروٹہ اور مٹھی میں جے ڈی اے کے ہاوسنگ پروجیکٹوں کاجائزہ لینے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے ہاوسنگ پروجیکٹوں میں کمرشل کمپلیکس شامل کرنے کے لئے کہا تاکہ انہیں مزید منافع بخش بنایا جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر کو نگروٹہ میں فلیٹوں کی مجوزہ تعمیر اور نگروٹہ اوّل جو بالترتیب 754فلیٹوں اور 180 فلیٹیوں پر مشتمل ہیں جن پر بالترتیب 297.06کروڑ اور 82.64کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔انہیں ادھے والا میں پی ایم اے وائی کے 192فلیٹ ، مٹھی 192فلیٹ، مجین 384 اور نگروٹہ میں 240فلیٹوں کی مجوزہ تعمیر کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔انہوں نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جنکشن میں بہتری لانے کے لئے اس کے تحت انہوں نے شکنتلا جنکشن ، کرن نگر جنکشن ، پرسار بھارتی اور سی پی او جنکشن ، پریم نگر اور گوجر نگر جنکشن ، ڈسٹرکٹ جیل جنکشن ، ویویکانند جنکشن ، میاں ڈیڈو ، پر 10.02 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں ۔ پروجیکٹ کی تکمیل سے ٹریفک کے نقل و حمل میں بہتری لانے اور پائید ل چلنے والوں کے لئے نقل و حمل بہتر سہولیت فراہم رکھنے کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں سمارٹ سٹی مشن کے تحت پانچ مقامات پرسمارٹ سٹی وائی فائی کنکٹیوٹی کا ای افتتاح کیا جن میں رگوناتھ بازار ، ریذیڈنسی روڈ ، مبارک منڈی سے پریڈ چوک ، باہو فورٹ ، اپسرا روڈ اور گرین بیلٹ پارک شامل ہیں ۔ انہوں نے حکام کو جموں شہر کے باقی ماندہ مقامات جہاں یہ سہولیت بہم رکھنی ہے ،کے لئے فوری طور مفصل پروجیکٹ رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت دی۔توی گیٹیڈ پروجیکٹ کا جائزہ لینے کے لئے چیف انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول نے انہیں جانکاری دی کہ آئی آئی ٹی رور کی کو ڈیزائن کی تیاری کے لئے خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ان کو اس سلسلے میں ڈیٹا بھیج دیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے اس کی باقاعدگی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اجناس منڈی سے متعلق تمام مسائل کا ازالہ ترجیحی بنیاد پر کرنے کی ہدایت دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے دیگر اہم ترقیاتی پروجیکٹوں بشمول جموں ۔ اکھنور سڑک ، آئی ٹی پارک ، اوجھ کثیر المقاصد پروجیکٹ ، شاہ پور کنڈی پروجیکٹ ، جمبو زو ، میکا نائزڈ کار پارکنگ ، ہوائی اڈے کی توسیع وغیر ہ کا بھی دوران میٹنگ جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر کو جموں شہر میں 4825کروڑ روپے کی لاگت سے الیویٹیڈ لائیٹ ریل ٹرانزٹ سسٹم کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی ۔ انہوں نے کمشنر جے ایم سی کو وزیر اعظم ایس وی اے این ندھی یوجنا کے دائرے میں باقی ماندہ خوانچہ فروشوں کو لانے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر ان کیول کمار شرما اور راجیو رائے بھٹناگر ،چیف سیکرٹری بی وی آر سبرامنیم ، پرنسپل سیکرٹری تعمیراتِ عامہ دھیرج گپتا،پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیپارٹمنٹ روہت کنسل،صوبائی کمشنر جموںسنجیو ورما، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سشما چوہان،کمشنر جے ایم سی ، اونی لواسا،مختلف محکموں کے سربراہوں، چیف انجینئروں اور دیگر اعلیٰ افسروں نے شرکت کی