سرینگر//بزرگ سیاسی قائد سید علی گیلانی کیخلاف ”خطرناک مہم“ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علیل لیڈر کے اہل خانہ نے پیر کو کہا کہ گیلانی کے نام سے لگاتار جعلی خطوط جاری کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے اُن کی پہلے ہی خراب صحت پر مزید منفی اثرات پڑرہے ہیں۔
گیلانی کے اہل خانہ کی طرف سے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے”بد قسمتی کی بات ہے کہ مفاد خصوصی رکھنے والے افراد نے قائد کے قد کو نقصان پہنچانے کیلئے ایک خطر ناک مہم شروع کر رکھی ہے۔اُن کے نام سے مسلسل جعلی اور من گھڑت خطوط ،پوسٹ اور تبصرے جاری کئے جارہے ہیں اور خیالی کہانیاں بنائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے اُن کی صحت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔غیر ضروری سوشل میڈیا مہم اور اُن کے گھروالوںکو پریشان کرنے سے ہماری زندگیاں مزید پُر تناﺅ بنارہی ہےں“۔
گیلانی کے اہل خانہ نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ گیلانی کی صحت یا کسی سیاسی بیان کو صرف اُسی صورت میں صحیح تصور کریں جب وہ گیلانی کے نمائندے کی طرف سے جاری کیا جائے۔
گیلانی کے دو فرزندوں اور ایک فرزند نسبتی نے اپیل میں کہا ہے” بزرگ لیڈر کئی امراض میں مبتلاءہیں۔اُنہیں چوبیسوں گھنٹے دیکھ بھال اور توجہ کی ضرورت ہے۔قائد نے ساری عمر اپنے سیاسی اعتقاد کی وجہ سے جسمانی اور نفسیاتی سختیاں جھیلی ہیں۔اُن کے خراب صحت کی وجہ سے اُن کے اہل خانہ پریشانی میں مبتلاءہیں ۔اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ گیلانی صاحب کے اہل خانہ کو اُن کاخیال رکھنے کا موقع دیا جائے کیونکہ گیلانی صاحب کے صحت کی حالت ہی ایسی ہے جب اُن کا بہت زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے، وہ بھی موجودہ وبائی صورتحال میں“۔
اپنی اپیل میں انہوں نے مزید کہا ” گیلانی صاحب ایک عوامی اور سیاسی شخصیت ہیں اور اُن کے متعلق تشویش کا اظہار کرنے کا حق ہر ایک کو حاصل ہے۔گیلانی صاحب کا خیال رکھنے کی اولین ذمہ داری اُن کے اہل خانہ کی ہے۔ ہم لوگوں کو اُن کی صحت کے بارے میں لگاتار جانکاری فراہم کرتے رہیں گے اور گیلانی صاحب کے سیاسی معاملات کے سلسلے میں اُن کے نمائندے عبد اللہ گیلانی کی طرف سے جاری ہونے بیانات کو ہی صحیح ماناجائے“۔
یاد رہے کہ 91سالہ گیلانی اس سال ماہ جون میں حریت کانفرنس سے مستعفیٰ ہوگئے اور انہوں نے حریت اکائیوںپر گذشتہ سال ماہ اگست سے لوگوں کی قیادت نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔
اُن کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ کچھ ماہ اُن کیلئے انتہائی مشکل گذرے ہیں کیونکہ ایک طرف وہ ذہنی تناﺅ میں مبتلاءہیں اور دوسری طرف اُنہیں سیاسی معاملات میں اُلجھا یا جارہا ہے جس سے اُن کی گھریلو زندگی بھی متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گیلانی کی صحتیابی کیلئے دعا کریں۔