سرینگر//پولیس نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے آئی ایس جے کے سے وابستہ اُن پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے ماہ مئی میں جنگجوﺅں کو پاندچھ سرینگر میں فورسز پر حملہ کرنے میں مدد فراہم کی تھی اور جس میںبی ایس ایف کے دو اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ افراد نے ہی آئی ایس جے کے سے وابستہ جنگجوﺅں کو ٹرانسپورٹ وغیرہ فراہم کرکے حملے میں مدد کی تھی۔
اس ضمن میں پولیس تھانہ صورہ میںایک ایف آئی آر نمبر48 درج کی گئی ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے دو پرائیویٹ ایمبولینس گاڑیاں، ایک موٹر سائیکل اور ایک سکوٹی کو ضبط کیا ہے۔ دونوں ایمبو لینس گاڑیاں سکمز صورہ میں کام کرتی تھیں۔ ان گاڑیوں کی ضبطی کی اجازت پولیس سربراہ دلباغ سنگھ سے حاصل کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق انہی ایمبو لینس گاڑیوں میں ایک کے اندر جنگجوﺅں کو بجبہاڑہ سے پاندچھ لایا گیا تھا جبکہ موٹر سائیکل اور سکوٹی کو حملہ کرنے کے دوران کام میں لایا گیا تھا اور انہی پر حملہ آور جنگجو اسلحہ لوٹنے کے بعدفرار ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق دوسری ایمبو لینس گاڑی میں جنگجوﺅں کو واپس بجبہاڑہ پہنچایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق پاندچھ حملے کے ملوث جنگجو زڈی بل سرینگر اور ہٹی گام بجبہاڑہ میں معرکہ آرائیوں کے دوران مارے گئے ہیں اور لوٹا گیا اسلحہ بھی اُن سے بر آمد کیا گیا ہے۔