سرینگر//شمالی کشمیر کے ڈی آئی جی پولیس سلیمان چودھری نے ہفتہ کو کہا کہ گذشتہ روز پٹن میں فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق تین جنگجوﺅں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔انہوں نے کہا کہ ضلع بارہمولہ میں چار سال بعد حزب جنگجوﺅں کی ہلاکت ہوئی ہے۔
انہوں نے یدی پورہ پٹن میں جاں بحق تین میں سے دو جنگجوﺅں کی شناخت شفقت علی ساکن راوت پورہ دلنہ اور حنان بلال صوفی ساکن اولڈ ٹاون بارہمولہ کے طور کی۔
ڈی آئی جی شمالی کشمیر نے کہا”ایسا لگتا ہے کہ حزب المجاہدین شمالی کشمیر میں سرگرم ہونے کی کوشش کررہی ہے لیکن ہم اس کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے“۔
آپریشن کی تفاصیل فراہم کرتے ہوئے سلیمان چودھری نے کہا” جنگجو جس رہائشی مکان میں چھپے تھے وہاں بچے سمیت12شہری بھی موجود تھے جنہیں جنگجوﺅں نے یرغمال بنایا “۔
اس موقع پر فوج کے 10سیکٹر کے کمانڈر نے کہا کہ جنگجوﺅں کو ہتھیار ڈال کر سرنڈر کرنے کی پیش کش کی گئی لیکن انہوں نے اس کو مسترد کرتے ہوئے فورسز پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں فوج کا ایک میجر اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔