اودھمپور //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ عوام کو بہتر انتظامیہ اور بلا رکاوٹ عوامی خدمات کی فراہمی یو ٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے ضلع اودھمپور کے دورے کے دوران ضلع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائیزہ لیا اور درجنوں وفود کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے علاقے کی ترقیاتی ضروریات و مسائل کا موقعہ پر جائیزہ لیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے دورے کے دوران 23.40 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا ای افتتاح کیا اور5.17 کروڑ روپے کی مالیت کے واٹر سپلائی سکیموں کا ای سنگِ بنیاد رکھا ۔ اُن کے ہمراہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، صوبائی کمشنر جموں، آئی جی پی جموں ، مختلف محکموں کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ افسران تھے ۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ افسروں کو عوامی خدمات فراہمی نظام کو بہتر بنانے اور ایک فعال عوامی شکائتی ازالہ حکمتِ عملی اختیار کرنے کیلئے جامع اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ۔ مرکزی اور یو ٹی حکومت کی سکیموں کی عمل آوری پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو مرکزی معاونت والی اور جموں کشمیر حکومت کی جانب سے چلائی جا رہی سکیموں کی صد فیصد عمل آوری یقینی بنانے کیلئے لازمی اقدامات اٹھانے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ایل گی نے حکام کو مختلف بہبودی سکیموں کی صد فیصد عمل آوری یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کو کہا ۔ انہوں نے 10 ستمبر سے 30 ستمبر 2020 تک منعقد ہونے والے جن ابھیان پروگرام کیلئے جامع لایحہ عمل مرتب کرنے پر بھی انہوں نے زور دیا ۔ انہوں نے راشن کارڈوں اور پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کی رجسٹریشن کیلئے صد فیصد آدھار فیڈنگ مکمل کرنے کیلئے 30 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایم جی نریگا کے تحت 15 روز کے اندر اجرتوں کی ادائیگی لازمی قرار دی ۔ انہوں نے ہر پنچائت میں ایک انونٹری اور املاک رجسٹر قائم کرنے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ چند پروجیکٹوں کی تکمیل میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ افسران اور تعمیراتی ایجنسیوں کو پروجیکٹوں کی پیش رفت میں سرعت لا کر انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کیلئے کہا ۔ اودھمپور سے چنینی نیشنل ہائی وے ۔ 44 پر جاری کام کا جائیزہ لیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے افسران کو اس کی بروقت تکمیل کیلئے اس میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور دور کرنے کیلئے کہا ۔ جل جیون مشن کا جائیزہ لیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے مشن کی عمل آوری میں سرعت لانے اور صد فیصدکنبوں کو سکیم کے دائرے میں لانے کی ہدایت دی ۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر اودھمپور نے ایل جی کو ضلع کی ترقیاتی صورتحال سے متعلق پرذنٹیشن پیش کی ۔ جائیزہ میٹنگ کے دوران موجودہ ترقیاتی پروجیکٹوں پر جاری پیش رفت کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے مختلف بہبودی سکیموں بشمول کسان کریڈٹ کارڈ ، پی ایم کسان ، آیوشمان بھارت ، سماجی بہبود سکیموں ، سالڈ بیسڈ منیجمنٹ پروجیکٹ ، پنچائتوں اور بلدیاتی اداروں کے کام کاج ، عوامی شکائتی ازالہ نظام ، اودھمپور سے چنینی نیشنل ہائی وے ۔ 44 اور عوامی اہمیت کے حامل دیگر پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری طلب کی ۔ لفٹینٹ گورنر کو جیویکا پروجیکٹ کے بارے میں بھی تفصیل دی گئی جو کہ کسانوں کیلئے ایک مربوط روز گار منصوبہ ہے ۔ انہیں پروجیکٹ کے اہم اجزاء کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی ۔ جیویکا پروجیکٹ کے تحت کئے گئے کام کو سراہتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے ڈپٹی کمشنر کو 500 کلسٹروں کے قیام کیلئے ایک جامع منصوبہ پیش کرنے کیلئے کہا ۔ ڈپٹی کمشنر نے لفٹینٹ گورنر کو سکولوں کے باہر بچوں کیلئے خصوصی کلاسز شروع کرنے کے بارے میں بھی بتایا اور اودھمپور میونسپل ٹاؤن ہال ، سرکاری اراضی اور انڈسٹریل اسٹیٹ وغیرہ کیلئے جگہوں سے متعلق مجوزہ جانکاری دی ۔ دورے کے دوران لفٹینٹ گورنر درجنوں وفود سے ملے جن میں بی ڈی سی چیئر پرسنز ، سرپنچ ، اودھمپور ، چنینی اور رام نگر میونسپل کمیٹیوں کے نمائندے ،جے کے این پی پی کا وفد جس کی قیادت سابق وزیر ہرش دیو سنگھ کر رہے تھے ، سابق ایم ایل اے آر ایس پٹھانیہ ، مختلف سیاسی جماعتوں کے قاعدین بشمول بی جے پی ، کانگریس ، این سی ، اودھمپور کے چیمبر آف کامرس ، بار ایسوسی ایشن کا وفد ، سینئر شہریوں کا وفد ، انڈسٹریل ایسوسی ایشن اودھمپور ، بیوپار منڈل ، فنکار اور نوجوان کھلاڑی ، اسکان وغیرہ کے وفد اُن سے ملے اور اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں ۔ وفود کے ارکان نے لفٹینٹ گورنر کو مختلف مسائل بشمول 74 ویں آئینی ترمیم کو لاگو کرنے ، بی ڈی سیز کے حق میں 25 لاکھ روپے بطور سی ڈی ایف واگذار کرنے ، گندھ ٹاپ علاقے کے پسیاں گر آنے سے متاثرہ لوگوں کی امداد و باز آباد کاری ، تعلیمی اور طبی اداروں میں عملے کی کمی ، سڑک رابطہ نظام میں بہتری لانے ، بجلی اور پانی کی ترسیل معقول بنانے ، بنیادی ڈھانچہ کی توسیع اور سماجی بہبود سکیموں کی عمل آوری سے متعلق مسائل و مطالبات اُن کے گوش گذار کئے ۔ قومی انعام یافتہ استاد سنیل کماراور فنکار سرس بھارتی اور پوجا بھارتی لفٹینٹ گورنر سے ملے۔ لفٹینٹ گورنر نے سنیل کمار کو قومی انعام حاصل کرنے کیلئے مبارکباد پیش کی ۔ فنکار سرس بھارتی اور پوجا بھارتی نے خصوصی ڈُگر چینل کی مانگ کی ۔ وفود کے ارکان کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل اور شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے پُر عزم ہے اور لوگوں کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنچائتی راج اداروں کو بااختیار بنانا وزیر اعظم کا خواب ہے اور یو ٹی حکومت اس کیلئے وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کی تمام جائیز مانگوں اور مسائل کا جائیزہ لیکر اُن کا فوری حل یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے عوامی افادیت کے حامل چند مسائل کے ازالہ کیلئے موقعہ پر ہی احکامات جاری کئے ۔ عوامی شکائتی نظام کو جوابدہ بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی ہر ہفتہ پانچ دن ایک گھنٹہ عوامی شکایات کی شنوائی کیلئے وقف کریں گے ۔ سرپنچوں اور بی ڈی سیز نے حقیقی معنوں میںپنچائتی راج اداروں کو بااختیار بنانے کیلئے یو ٹی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔