سرینگر//جنوبی کشمیر میں جواہر ٹنل کے قریب گذشتہ رات دیر گئے سیکورٹی فورسز نے ایک ٹرک سے ایم4 اورایک اے کے47 قسم کی بندوق سمیت ہتھیار بر آمد کرکے دو افراد کو گرفتار کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق فورسز نے ایک ٹرک، جو سانبہ ضلع سے آرہی تھی، کو جواہر ٹنل کے قریب روک کر اس کی تلاشی لی ۔تلاشی کے دوران مذکورہ ٹرک سے ایک ایم4یو ایس کاربائن بندوق، تین میگزین ایک اے کے47قسم کی بندوق،دو میگزین اور چھ چینی ساخت کے پستول بشمول12میگزین بر آمد کئے گئے۔
نیوز ایجنسی جی این ایس نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس موقع پر ٹرک میں سوار دو افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی پوچھ تاچھ جاری ہے۔
گرفتار شدگان کی شناخت بلال احمد ولد غلام محمد کوٹے اور شہنواز احمد میر ولد ظہور احمد میر ساکنان شوپیان کے طور کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ضلع رام بن میں بھی اسی کیس کے سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔