سرینگر//جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے بدھ کے روز کہا کہ وہ رضاکارانہ طور اُس سرکاری رہائش گاہ کو چھوڑ رہے ہیں جو اُسے18سال قبل فراہم کی گئی تھی کیونکہ خطے کومرکز کے زیر انتظام علاقہ قرار دئے جانے کے بعد قوانین میں تبدیلی آئی ہے۔
عمر کو سخت حفاظتی علاقہ گپکار میں 2002میں اُس وقت سرکاری رہائش فراہم کی گئی تھی جب وہ رکن پارلیمان تھے۔انہوں نے اس سلسلے میں ٹویٹر پر ایک خط بھی جاری کیا جو انہوں نے رواں برس کے ماہ جولائی میں لکھا ہے۔
خط میں عمر نے متعلقہ انتظامی سیکریٹری کو مطلع کیاہے کہ وہ مذکورہ سرکاری رہائش چھوڑ رہے ہیں ۔
انہوں نے ٹویٹ میں لکھا”میں سرکاری رہائش گاہ ماہ اکتوبر سے پہلے ہی چھوڑ رہا ہوں۔مجھے مذکورہ رہائش چھوڑنے کیلئے کوئی نوٹس نہیں ملا ہے لیکن میں رضاکارانہ طور ہی اس کو چھوڑ رہا ہوں“۔
انہوں نے کہا کہ وہ متبادل رہائش کا انتظام کررہے ہیں۔