جموں//ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کے پہلے مرحلے میں جموں کے ضلع میں 65000افراد میں کورونا کی تشخیص کی گئی جن میں سے 5500کو اس وبائی مرض میں متاثر پایاگیاجن میں سے بہت سی خواتین ہیں۔ڈپٹی کمشنرجموں سشما چوہان نے کہا’’آر اے ٹی ٹیسٹنگ تمام دفاتر ، تجارتی علاقوں اوردیگر علاقوں میں ہوئی 65000 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ہم نے 5500افراد میں کورونا کا پتہ لگایا، ان میں سے بیشتر خواتین ہیں اور ان میں سے 95فیصد غیرعلاماتی مریض ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ غیر علامتی مریضوں کو اپنے اپنے گھروں میں الگ تھلگ کردیا گیا ہے اور ایسے مریضوں کی جانچ پڑتال کے لئے مناسب پیروی کی جارہی ہے۔ان کاکہناتھا’’ہم نے متاثرہ مریضوں کی نگرانی کرنے کے لئے عملے کوکام تفویض کئے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ زیڈ ایم اوز اپنے اپنے علاقوں میں 20 سے 25 کووڈ مثبت لوگوں کی صحت کی حالت پر نظر رکھیں گے چاہے انہیں پہلے سے ہی ہسپتال میں داخل کروانے کی ضرورت ہو یا ان کی صحت بہتر ہو رہی ہو۔ سشما چوہان نے کہا کہ زیادہ تر افراد 50 سال سے اوپر اور بہت سی خواتین 5500 میں شامل ہیں جنہیں RAT ٹیسٹ کے دوران کورونا متاثر پایاگیا۔ انہوں نے کہا’’ہم پیر سے دوبارہ جموں کے رہائشی علاقوں میں خاص طور پر ان علاقوں میں ، جہاں زیادہ اموات اور مثبت معاملات ہیں ، میں RAT جانچ شروع کریں گے‘‘۔ان کاکہناتھاکہ فی الحال فی دن 3500-4000ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ صرف جموں ضلع میں ہی 117اموات ہوچکی ہیں جبکہ پورے صوبہ میں 199 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔