سرینگر//انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹر نیشنل نے بھارت میں اپنی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اُس کے بھارتی چیپٹر کے اکاونٹس منجمد کئے گئے ہیں ۔
منگل کو ایمنسٹی انٹر نیشنل کے بھارتی چیپٹر نے کہا کہ اُن پر بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔
ایک بیان میں ایمنسٹی کے بھارتی چیپٹر نے کہا کہ انہیں بھارت میں اپنے اسٹاف ممبران (عہدیداروں) کو چھوڑنے اور تمام قسم کی مہم اور تحقیقی کام معطل کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا” حکومت کی جانب سے ایمنسٹی انٹر نیشنل کے بھارتی بینک اکاونٹس منجمد کرنے (جس کا علم10ستمبر ہوا) کی وجہ سے اُن کا کام مکمل طور پر رک گیا ہے۔
تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی کو غیر ممالک سے غیر قانونی طور رقومات فراہم ہوتی ہیں جو قواعد و ضوابط کیخلاف ہے۔
ایمنسٹی کا الزام ہے کہ اُن پر ،انسانی حقوق کے اداروں اورکارکنان پر حملے حکومت کی اُس پالیسی کا حصہ ہے جو ”سچ بولنے والوں“کیخلاف بنائی گئی ہے۔
ایمنسٹی کا مزید کہنا ہے کہ وہ بھارت میں رہتے ہوئے سبھی قواعد و ضوابط کی پاسداری کرتی آرہی ہے۔