سرینگر//جنوبی ضلع کولگام میں جنگجوﺅں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ایک شبانہ معرکہ آرائی کے نتیجے میں دو جنگجو جاں بحق ہوگئے جن کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔
پولیس نے ہفتہ کو کہا کہ یہ معرکہ آرائی ژنی گام، یاری پورہ علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ پارٹی نے ایک مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر گاوں کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی۔
فورسز کی پارٹی نصب شب کے وقت جونہی اُس مقام کے نزدیک پہنچی جہاں جنگجو چھپے تھے تو اُن پر جنگجوﺅں نے فائرنگ شروع کی جس کے بعد طرفین میں باضابطہ معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔
یہ معرکہ آرائی آج صبح تک جاری رہی اور دو جنگجوﺅں کے جاں بحق ہونے پر ختم ہوگئی تاہم مہلوک جنگجوﺅں کی شناخت فوری طور نہیں ہوسکی۔
فوج نے بھی مذکورہ معرکہ آرائی میں دو جنگجوﺅں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان سے ایک ایم فور قسم کی بندوق اور ایک پستول بر آمد کی گئی۔