سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے پیر کے روز کہا کہ سرینگر میں صرف ایک جنگجو سرگرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ26نوجوانوں کو جنگجوﺅں کی صف سے واپس لایا گیا ہے۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران دلباغ سنگھ نے کہا کہ آج رام باغ میں لشکر کمانڈر سیف اللہ سمیت دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری سیف اللہ نوگام، چاڈورہ اور کنڈی زال حملوں میں ملوث تھا۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق پولیس سربراہ نے کہا کہ اس سال75ملی ٹنسی مخالف آپریشن انجام دئے گئے جن کے دوران180جنگجوﺅں کو جاں بحق کیا گیا۔ انہوں نے کہ ان آپریشنوں میں ایک کو چھوڑ کر کسی میں بھی کوئی شہری ہلاکت نہیں ہوئی۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ اسی مدت کے دوران 19پولیس اہلکار،21سی آر پی ایف اہلکار اور15فوجی بھی ہلاک ہوگئے۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ فوجی اہلکار ایل او سی پر مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ فی الوقت سرینگر میں صرف ایک جنگجو سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا”اُسے بھی بہت جلد انصاف کے دائرے میں لایا جائے گا“۔