جموں// محکمہ جنگلات نے عدالتی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے جموں خطے میں جنگلات میں تجاوزات سے متعلق ریکارڈ میں غیر قانونی اندراجات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ہائی کورٹ ہدایات کی تعمیل میں جموں خطے کے تمام ڈویژنل فارسٹ آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ مال کے ریکارڈ میں غیر قانونی اندراجات کی منسوخی اور محکمہ جنگلات کے حق میں مزیداراضی کے متعلق متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے فوری رجوع کریں۔چیف کنزرویٹر جنگلات جموں رمیش کمار نے اس سلسلے میں صوبائی کمشنر سنجیو ورما کو ایک مکتوب لکھاہے جس کے مطابق ’’یہ درخواست کی جاتی ہے کہ جموں خطہ کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو براہ مہربانی ہدایت کریں کہ وہ محکمہ مال کے ریکارڈ میں غیر قانونی اندراجات کی منسوخی اور محکمہ جنگلات کے حق میں مزید اراضی کا معاملہ ترجیحی طور پر اٹھائیں تاکہ اس سلسلے میں پیشرفت پیش کی جاسکے‘‘۔محکمہ جنگلات نے محکمہ کی طرف سے یہ درخواست جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی PIL نمبر 25/2017 اور PIL نمبر 19/2017 اور21/09 / 2020کے ضمن میں دی ہے۔اس میں مزید کہا گیا ہے ’’ہم جموں و کشمیر کے تمام محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی طرح کے لین دین، تبادلوں اور تجاوزات سے متعلق جنگل کی اراضی پر قبضہ کرنے کے الزامات کو رجسٹرڈ یا شناخت نہیں کریں گے‘‘۔