سرینگر//پولیس نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے چند روز قبل شمالی ضلع بانڈی پورہ کے زورمنز گاوں میں پیش آئے قتل کے واقعہ کو حل کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق گاوں کے سرپنچ کی ہلاکت میں اُس کی بیوی ملوث پائی گئی ہے۔
یہ واقعہ12اکتوبر کو پیش آیا جب پولیس نے 35سالہ جاوید احمد ڈار ولد عبد الاحد دار ساکن زورمنز بر آمد کی لاش لٹکتی حالت میں بر آمد کی ۔اُس وقت بتایا گیا کہ ڈار نے خود کشی کی ہے۔
پولیس نے تاہم کیس درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کی اور اس کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس کی سربراہی ڈی ایس پی ہیڈ کورٹر اور نگرانی ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک کو سونپی گئی۔
پولیس بیان کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے مسلسل تحقیقات کے دوران اس بات کا پتہ لگایا کہ ڈار نے خود کشی نہیں کی تھی بلکہ اُس کو قتل کیا گیا تھا۔
اس ضمن میں کئی افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی جن میں مقتول کی بیوی بھی شامل تھی۔تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ مقتول کی بیوی نے ایک اور شہری شہزاد احمد ڈار کی مدد سے مقتول کو کوئی بیہوشی کی دوا کھلاکر اُس کو قتل کیا ہے۔پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ مقتول کی بیوی اور شہزاد کے درمیان ناجائز تعلقات ہیں۔
پولیس نے ایف آئی آر نمبر116درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ مقتول ڈار دو جسمانی طور خاص کمسن بیٹیوں کا باپ تھا۔ ان میں بسما کی عمر10جبکہ تنزیلہ کی عمر محض4چار سال ہے۔ڈار ایک ٹین شیڈ میں رہائش پذیر تھا اور سرپنچ منتخب ہونے سے قبل وہ مچھلیوں کا کاروبار کرتا تھا۔
مقامی لوگوں نے ڈار کی ہلاکت پر پہلے دن سے ہی شبہات ظاہر کئے تھے۔