اوڑی/ شمالی کشمیر کے اُوڑی میں بدھ کو مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی اور بارڈرروڈس آرگنائزشن کے خلاف احتجاج کیا۔اطلاعات کے مطابق اوڑی بازار میں سرینگر۔ مظفر آباد سڑک پر اوڑی, گھر کوٹ, بلکوٹ,سلی کوٹ, تھاجل, موٹھل, سید پورہ وغیرہ کے لوگوں نے جمع ہوکر محکمہ بجلی اور بارڈر روڈس آرگنائزشن کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرکے دو گھنٹے تک گاڑیوں کی نقل و حمل کو بند رکھا-
لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے بجلی کی آنکھ مچولی سے تنگ آئے ہیں کیوں اوڑی میں بجلی کا کوئی شیڈول نہیں ہے۔چیر مین بیوپار منڈل اوڑی حاجی محمد شفع ،جو احتجاج میں شامل تھے، نے بتایا کہ اوڑی اور ملحقہ دیہات میں بجلی کی آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اوڑی میں محکمہ کی طرف سے کوئی بھی بجلی شیڈول مرتب نہیں کیا گیا ہے اور ایک گھنٹے بجلی رہنے کے بعد گھنٹوں بجلی غائب رہ جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے طالب علموں کی تعلیم بھی متاثر ہو کر رہ گئی ہے اور لوگوں کو سردی کے ایام میں طرح طرح کے مشکلات سے دوچار ہو نا پڑ رہا ہے۔
چیر مین سیول سوسائٹی اوڑی شبیر احمد چالکو نے بتایا کہ اوڑی بازار میں سڑک کی حالت خستہ ہے اور جگہ جگہ کھڑے بن گئے ہیں اور سڑک پر گرد و غبار ہونے کی وجہ سے بیماریاں پھوٹنے کا خطرہ لاحق ہے مگر محکمہ بارڈر روڈس آرگنائزشن سڑک کی مرمت نہیں کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال بھی احتجاج کر کے مانگ کی تھی کہ سڑک کی مرمت کر کے اس پر تال کول بچھایا جائے مگر اوڑی انتظامیہ کی یقین دہانی کے باوجود سڑک کی مرمت نہیں کی گئی۔
اس دوران نائب تحصیلدار اوڑی مشتاق احمد بلوٹ مظاہرین کے پاس آئے اور یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو اعلی حکام کی نوٹس میں لایا جائے گا جسکے بعد لوگ منتشر ہوگئے۔