سرینگر//پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ اُنہوں نے پانتہ چھوک کے ایک ایسے شہری کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جو خود کو انسداد رشوت ستانی بیورو کا اہلکار جتارہا تھا۔
ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ ڈاڈسرہ اونتی پورہ کے رہنے والے ایک شہری نے شکایت درج کرائی کہ کسی شخص نے اس کی کار روک کر خود کو انسداد رشوت ستانی بیورو کا اہلکار جتایا۔بعد ازاں اُس نے کار کی تلاشی لی اور اس کا فون نمبر بھی لے لیا۔اُسی دن شام کو جعلی اہلکار نے شکایت کنندہ کو فون کرکے روپے کا تقاضا کیا۔
پولیس بیان کے مطابق شکایت ملتے ہی پولس نے ملزم کی شناخت محمد امین وانی ساکن ذعفران کالونی پانتہ چھوک کے طور کی اور اُسے پانپور علاقے سے گرفتار کیا۔
پولیس نے کہا کہ اس ضمن میں ایف آئی آر نمبر164کے تحت معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔