سرینگر//مرکزی وزارت داخلہ نے جموں کشمیر میں سی آر پی ایف کی49اضافی بٹالینوں کی تعیناتی کا حکم صادر کیا ہے۔یہ احکامات مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پہلے ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی )کے انتخابات کے پیش نظر دئے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق 49سی آر پی ایف بٹالینوں کو مختلف ریاستوں سے جموں کشمیر کی طرف روانہ کیا جارہا ہے اور متعلقین کو کہا گیا ہے کہ وہ مذکورہ اہلکاروں کیلئے ہتھیار نیز گرم ملبوسات وغیرہ کا انتظام کریں۔
یاد رہے کہ جموں کشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات28نومبر سے شروع ہورہے ہیں۔آٹھ مرحلوں پر مشتمل یہ انتخابی عمل22دسمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔
یہ گذشتہ برس دفعہ370کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر میں پہلی بڑی انتخابی عمل ہے۔
ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے ساتھ ساتھ یہاں12153خالی پنچایتی نشستوں اور234اربن لوکل وارڈوں کیلئے بھی ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔