لفظ سیرت کی تعریف و تاریخ-:
عربی زبان میں لفظ’ سیرت‘ یا’ سیرہ‘ اس کے صیغہ فعل ساز، یسیر،سیراََ سے نکلا ہے جس کے معنیٰ چلنے پھرنے یا سفر کرنے کے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کے معنیٰ طریقہ، شکل و صورت، راستہ، روش اور چال و چلن کے بھی ہیں۔ کسی ایک انسان کی سیرت کا مطلب اس کی زندگی کے سفر کا راستہ ہے، جس پر چل کر وہ اپنی زندگی کے مختلف مراحل طے کرتا ہے، ماں کی کوک سے لے کر زندگی کی آخری سانس تک۔ اس لئے سیرت کا لفظ سوانح حیات کے معنیٰ میں بھی بولا جاتا ہے، تاریخ بیان کرنے کے معنیٰ میں بھی اور ذاتی زندگی کے معاملات بیان کرنے کے معنیٰ میں بھی۔ قرآن پاک میں بھی لفظ سیرت کا استعمال مختلف معانی میں ہوا ہے۔ مثلاََ سورۃ طٰہٰ/۲۱ ؍میں لفظ’ سیرتھا‘آیا ہے جو حالت و ہیت کے معنیٰ میں استعمال ہوا ہے۔ اسی طرح سورۃ نحل/۳۶ ؍میں لفظ’ سیرو‘ آیا ہے جہاں پر اس کا مطلب چلنے پھرنے کے ہیں۔
اصطلاحی معنوں میں لفظ سیرت کا مطلب بنیﷺ کی مبارک زندگی کے احوال بیان کرنا ہے۔ پروفیسر عثمان کے مطابق نبی ﷺ کے حالاتِ زندگی اور اخلاق و عادات بیان کرنے کا نام سیرت ہے۔ اس کے علاوہ علماء و فقہا ء نے لفظ سیرت کو مختلف پیروں میں وضع کیا ہے۔مثلاََ، محمد سرورـؒ کے رائے ہے کہ سیرت کا لفظ جب مطلقاََ بولا جائے تو شریعت میں اس سے مراد وہ کام ہوتا ہے جو نبیﷺ نے کرنے کا حکم دیا اور جس سے روکا۔ شاہ عبدالعزیز بن شاہ ولی اللہؒ کے مطابق جو کچھ ہمارے پیغمبر ﷺ اور حضرات صحابہؓ کی عظمت اور ان کو وجود سے متعلق ہو ، جس میں آنحضرت ﷺ کی پیدائش سے لے کر وفات تک کے واقعات بیان کئے گئے ہوں ،وہ سیرت ہے۔
سیرت نبویؐ کا اولین استعمال مغازی یعنی غزوات کے تناظر میںاستعمال ہوتا تھا( غزوات ان جنگوں کو کہا جاتا ہے جن میں نبیﷺ نے بذاتِ خود شرکت کی ہے) ۔ ڈاکٹر صلاح الدین ثانی اپنی تصنیف’ اصولِ سیرت نگاری‘ میں اس حوالے سے لکھتے ہیں کہ ابتداء میںمغازی کا لفظ استعمال ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ پچھلے زمانے میں حکمرانوں کا بنیادی کارنامہ اُن کی فتوحات ہوا کرتی تھیں۔ لہٰذا کسی حکمران کی بڑائی یہی تھی کہ اس نے جنگیں کی ہوں۔ یہی کسی شخص کے بڑا ہونے کا اسٹیٹس مقرر تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے تحت آپﷺ کے مغازی کا پہلے رواج ہوا۔ انسائیکلو پیڈیا آف اسلام کے مطابق نبیﷺ کی سوانح حیات کے لئے لفظ سیرت کا استعمال دوسری صدی ہجری کے بعد سب سے پہلے ابنِ شہاب الزہریؒ نے کیا ، لیکن اس پر پہلا اور باضابطہ کام ابنِ ہشامؒ نے کیا۔ گویا پہلی کتاب جس سے سیرت النبیؐ کا نام دیا گیا وہ سیرت ابنِ ہشام ہے، حالاںکہ لفظ سیرت کا استعمال اس سے پہلے بھی ہوتا تھامگر کتب و تصانیف کو مغازی کا نام دیا جاتا تھا ،سیرت کا نہیں۔
سیرت نگاری کا ارتقاء-:
ماضی کی شاندار روایات کو یاد رکھنا او ر اپنے آبا و اجداد کے محاسن و مفاخر کو بیان کرنا قدیم زمانہ سے دنیا کی قوموں کا کا محبوب ترین مشغلہ رہا ہے۔ جاہلی عربوں کے ہاں اس کا خاص اہتمام تھا۔ وہ اپنے قصائد و اشعار ، قصص واسماء کے ذریعے آنے والی نسلوںکو آبائی و قبائلی روایات سے آگاہ کرتے تھے۔ ان کے یہاں جو دوسخاء، ایفائے وعدہ، مہمان نوازی، قبائلی حمیت، حق جواز جیسے امور بہترین اوصاف شمار کئے جاتے تھے، اور باہمی جنگ و جدل ، قومی ایام و قائع، احساب و انساب کی داستانیں بڑے فخر سے سنی جاتی تھیں(اصولِ سیرت نگاری اَزڈاکٹر صلاح الدین ثانی )۔ چنانچہ عربوں کے ہاں خواندگی کا رواج بہت کم تھا، لیکن اپنے بے نظیر حافظہ کی بدولت قدیم روایات کے مطابق اپنی اپنی قومی و قبائلی داستانیں زبانی طور پر اگلی نسلوں کو پہنچانا ان کے ہاں قدیم مشغلہ تھا۔ اس لئے وہ راتوں کو ایک ہی جگہ جمع ہوتے اور مختلف محفلوں کا اہتمام کرتے۔ اسلامی دور جب آیا تو جاہلی، قبائلی،اور نسلی جنگوں اور مفاخرکی جگہ اسلامی جہادو غزوات نے لے لی، اور صحابہؓ و تابعین ؒنے سیر ومغازی کو آبائی مجدد و شرف اور اخروی علم قرار دے کر ان کا ذکر عام کیا۔۔ صحابہؓ کے بارے میں آتا ہے کہ وہ وہ عشاہ کی نماز کے بعد تہائی رات تک اخبارِ عرب، عرب و عجم، کے ایام و حروب، گزشتہ بادشاہوں کے حالات و واقعات اور ان کی سیاست ا ور امم سابقہ کے احوال سنا کرتے تھے(ایضاََ)۔
صحابہؓ کا سیرت المغازی(جو پھر سیر ۃالنبی ؐمیںتبدیل ہو گئی) سے اس طرح کا لگائو ایک توقرآن کے متقضیات میں سے ہے، دوسرا بنیﷺ کی اسوۃ حسنہ کو بلا کم و کاست اگلی نسلوں تک پہنچانا بھی مطلوب تھا۔ چنانچہ فرمایا گیا کہ کہ’’ اگر تم واقعی اللہ سے محبت رکھتے ہو، تو میری پیروی اختیار کرو‘‘(آل عمران/۳۱؍)۔ اسی طرح حکم دیا گیا کہ’’ درحقیقت تم لوگوںکے لئے اللہ کے رسول ؐ کی زندگی میں ایک بہترین نمونہ ہے‘‘(الاحزاب/۲۱؍)۔ صحابہؓ اور تابعینؒ سیر و مغازی کے موضوع پر آپس میں تحقیق کرتے، ایک دوسرے سے معلومات حاصل کرتے اور بوقتِ ضرورت اس کے لئے سفر بھی کرتے تھے۔ ابو اسحاقؒ کا بیان ہے کہ میں مدینہ میں عبدالمطلب کی مجلس میںگیا اور ان کے بڑھے بوڑھوں سے پوچھا کہ غزوۂ بدر میں آپ لوگوں میں کتنے افراد گرفتار ہوئے تھے؟ انہوں نے عباس، عقیل، حارث بن نوافل کے نام لئے (بخاری)۔ اسی طرح کی ایک اور مثال میں یونس بن عبید کا بیان ہے کہ میرے آقا محمد بن قاسم نے مجھ کو حضرت براء بن عازبؓ کے پاس اس بات کی تحقیق کے لئے بھیجا کہ رسول اللہؐ کا جھنڈا کس چیز کا تھا؟ انہوں نے کہا کہ وہ سیاہ کمبل کے چکور ٹکڑے کا تھا(بخاری)۔ اسی تحقیق و تفتیش کے ساتھ سیرت و مغازی کا سلسلہ شروع ہوا۔
سیرت نگار ی کے اولین حضرات-:
ڈاکٹر حمیداللہ ؒ نے سیرت ابنِ اسحٰق کے مقدمے میں ایک دوسری کتاب سے کم وبیش ۲۷؍ حضرا ت کے نام نقل کئے ہیں، جو ابنِ اسحٰق سے قبل اس فن میں مہارت دکھا چکے تھے۔ان میں عقیل بن ابی طالب، زیاد بن ابی سفیان، ابو کلاب،زید بن کیاس،صحار بن عباس،قتادہ، ابنِ شہاب، عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ علیم اجمعین وغیرہ کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ ان حضرات کی طر ف سے سیرت و مغازی کے حوالے سے کام کرنے کی ایک خاص وجہ یہ بھی تھی کہ لوگوں کو لا حاصل قصہ کہانیوں اور غیر ضروری جنگوں کا تذکرہ کئے بغیرایک مستند سیرت و مغازی کی طرف مبذول کیا جائے( تدوین سیر و مغازی ازقاضی اطہر)۔پہلی صدی کی انتہا اور دوسری صدی کی ابتداء میں عمر بن عبدالعزیز کے حکم سے احادیث و آثار جمع کئے گئے اور دوسری صدی کے نصف میں فقہی ترتیب و تبویت پر عالم اسلام کے مرکزی شہروں میں کتابیں لکھی گئیں اور باقائدہ تصنیف و تالیف کا کام شروع ہوا(اصولِ سیرت نگاری)۔
قرونِ اولیٰ کے چند اہم سیرت نگار-:
۱۔ حضرت عبداللہ بن عباس ؓ(المتوفٰی ۶۸ ھ) ـ-: حضرت عبداللہ بن عباس المغازی کی تدریس کے سلسلے میں تخصیص کے مقام کے حامل ہیں۔ان کا بہت سارا وقت مغازی بیان میں لگا جاتا تھا۔
۲۔حضرت عبداللہ بن عمر بن عاص(المتوفٰی۶۵ھ)-:آپ نے بہت سارے غزوات اور دوسرے واقعات و حوادث کا سیرت کے متعلق تحریری سرمایہ فراہم کیا۔ احا دیثِ رسول ؐ کی قرأت و کتابت اور انہیں کتابی شکل دینے میںصحیفہ صادقہ ان کی معروف تدوین شدہ کتاب ہے۔
۳۔براء بن عازبؓ (المتوفیٰ۷۴ھ)-:آپ نے مغازی رسول ؐ کے متعلق بہت کچھ املاکیا۔انہوں نے کانے کی چھال پر سیرت کے حوالے سے بہت کچھ تحریر کیا تھا۔ابو اسحٰق نے اس سلسلے میں براء بن عازبؓ سے بہت کچھ نقل کیا ہے۔
۴۔عبیداللہ بن کعب(المتوفٰی ۹۸ھ)-: محمد بن اسحاق کے نزدیک وہ اکابرعلماء انصار میں سے ہیں اور بعض نامور مولفین ِمغازی ان پر اعتماد کرتے ہیں(اصولِ سیرت نگاری)۔
۵۔ ابو بکر بن مسلم بن شہاب زہری(المتوفٰی۱۲۴ھ)-:آپ نے المغازی کے نام سے سیرت و مغازی پرجامع کتاب لکھی ہے۔
۶۔ محمد بن اسحٰق(امتوفٰی ۱۵۰ھ)-:آپ نے بھی کتاب المغازی کے نام سے جامع کتاب سیرت النبیؐ قلمبند کی ہے جو سیرت ابنِ اسحٰق کے نام سے مشہور ہے۔
۷۔ ابو محمد عبدالملک بن ہشام الحمیری(المتوفٰی ۲۱۸ھ)-: ان کی تصنیف سیرت ابنِ ہشام کے نام سے دنیا بھر میں مشہور و معروف ہے۔
موجودہ دور میں سیرت کی اہم تصانیف-:
یہ صرف حضرت محمد ﷺ کی ذاتِ والا صفات کا اکمل درجہ کا کمال ہے کہ اپ ؐ کی سیرت نگاری کا سلسلہ ان کی بعثت کے بعد آج تک نہیں رُکا ہے۔ قرونِ اولیٰ کے مسلمانوں کے بعد مختلف ادوار میں آپؐ کے چاہنے والوں نے آپؐ کی اسوۃ حسنہ کو زمان ومکان کے اعتبار سے مختلف گوشوں کے تناظر میں بیان کیاہے۔ موجودہ دور میں جن اُردو سیرت کی کتابوں نے غایت درجہ کی مقبولیت حاصل کی ان میں قاضی محمد سلیمان منصور پوریؒ کی رحمۃ اللعالمینﷺ، جافر شاہ پہلواریؒ کی پیغمبرِ انسانیت ﷺ، سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کی سیرتِ سرورِ عالم ﷺ، محمد حمیداللہؒ کی محمد رسول اللہﷺ، ابوالحسن ندویؒ کی محمد رسول اللہ ﷺ، نعیم صدیقی ؒ کی محسنِ انسانیت ﷺ، عبدالحیؒ کی حیاتِ طیبہ ﷺ وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ فخر کا مقام ہے کہ نبی ﷺ کی سیرت کا کام صر ف مسلمانوں نے ہی نہیں کیا بلکہ بیشتر غیر مسلموں نے بھی آپ ؐ کی سیرت کے مختلف پہلؤں کو اجاگر کیا ہے۔ اس کے علاوہ شبلی نعمانیؒ اور ان کے شاگرد سید سلیمان ندوی ؒکی یک جا طور پر لکھی گئی سیرۃ النبیﷺجو سات جلدوں پر مشتمل ہے نمایاں طور پر قابلِ ذکر ہے۔
(مضمون نگار جامعہ کشمیر کے شعبہ سوشل ورک میں محقق ہیں)
رابطہ۔[email protected]