سرینگر// ڈی ڈی سی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے کل یہاں ضلع پنچایت الیکشن آفیسر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔بنکیٹ ہال سرینگر میں منعقدہ میٹنگ میں الیکشن ابزروں ،ریٹرننگ افسروں اور نوڈل افسروں کے علاوہ انتخابات سے منسلک سول اور پولیس آفیسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ٹرانسپورٹ ،پارکنگ ،ٹریفک پلان ،چنائو میٹریل کو لے جانے ،کنٹرول روم کے قیام ،زونل اور سیکٹر مجسٹریٹوں کی تعیناتی ،بیلٹ بکسوں اور بیلٹ پیپروں کو مراکز پر پہنچانے اور چنائو عملہ کے قیام سے متعلق انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ریٹرننگ افسروں اور نوڈل افسروںنے جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا28نومبر کو ڈی ڈی سی اور پنچایت کے ضمنی انتخابات کے دوران صاف و شفاف اور غیر جانبدارنہ چنائو عمل کو یقینی بنانے کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ کوویڈ 19کے رہنما خطوط پر عمل کی جائے گی ۔ ڈاکٹر شاہد اقبال نے نوڈل افسروں پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل کو صاف و شفاف طریقے سے انجام دینے کے ساتھ ساتھ پولنگ مراکز میں گرمی کے انتظام اور چنائو عملہ کیلئے تمام تر سہولیات بہم رکھیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرینگر ضلع میں 14ڈی ڈی سی ممبران ،9پنچایت حلقوں اور 156پنچ کانسچیونسیوں میں 28نومبر اور یکم دسمبر کو 2مرحلوں میں انتخابات ہورہے ہیں ۔