سرینگر// کشمیریونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے جمعرات کو ایک جامع طرز عمل پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے تاکہ جسمانی طور خاص افراد کو زندگی کے ہر شعبے میں مساوی مواقعے میسر ہوں۔معذورین کے عالمی دن کے موقعہ پر یونیورسٹی کے شعبہ سٹوڈنٹس ویلفیر کی جانب سے کمپوزٹ ریجنل سنٹر سرینگر کے اشتراک سے منعقدہ ایک تقریب پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے پروفیسر طلعت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مستقل جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جسمانی طور خاص افراد کو تعلیم ، روزگار کے مواقع ، ہنر کی ترقی ، ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کے ساتھ زیادہ شمولیت حاصل ہو۔انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی کہ کشمیر یونیورسٹی جسمانی طور خاص طلاب کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی ۔اس موقعہ پر انہوں نے جسمانی طور خاص افراد امدادی سامان تقسیم کیا۔ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رئیس اے قادری نے کہا کہ اس پروگرام کا اہتمام زندگی کے مختلف شعبوں میں جسمانی طور خاص افرادکی شراکتوں اور کارناموں کو تسلیم کرنے کے لئے کیا گیا ہے ۔انہوں نے ڈی ایس ڈبلیو کے خصوصی سیل کے ذریعہ انجام دی جانے والی مختلف سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ڈائریکٹر سی آر سی ڈاکٹر ظفر اقبال نے سی آر سی کے ذریعہ جاری مختلف تعلیمی پروگراموں اور تربیتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی بنیادی توجہ جسمانی طور خاص افراد کی فلاح و بہبود کے لئے دوسرے اداروں کے ساتھ روابط استوار کرنے اور زیادہ تعلیمی اور تربیتی پروگراموں کی شروعات پر ہے۔تقریب کے دوران’ Fayaz, the story of courage‘ڈاکیومنٹری بھی جاری کی گئی۔