سرینگر// بی جے پی نے جمعرات کوفیع آباد بارہمولہ میں انتخابی جلسہ کیا جس میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن) اشوک کول اور ممبر مرکزی وقف کونسل ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جلسوں سے خطاب کیا۔خطاب کے دوران انہوں نے بی ڈی سی انتخابات میں حصہ لینے والے بی جے پی امیدواروں کے لئے ووٹ مانگے۔ا س موقعہ پر اشوک کول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ گپکاری جموں و کشمیر میں دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی کے ایجنڈے پر ضلعی ترقی کونسل کے انتخابات لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاڈی ڈی سی کونسلر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو کیسے بحال کرسکتا ہے؟ انہوںنے کہا کہ یہی سیاست ہے جو وہ 7دہائیوں سے وہ کر رہے ہیں اور ہوا میں محل تعمیر کرنے کے علاوہ کھوکھلے نعروں پر عوام کا استحصال کرتے ہیں۔سابق بھاجپا۔پی ڈی پی حکومت کے مشترکہ کم سے کم پروگرام کے بارے میں ایک ٹی وی چینل پر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان ڈاکٹر درخشاںاندرابی نے کہا کہ جھوٹ بیچنا کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر کی سیاست کا ایجنڈا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’ سابق بھاجپا۔پی ڈی پی حکومت کے کم از کم مشترکہ پروگرام میں کبھی بھی غنڈوں کی حوصلہ افزائی شامل نہیں جو سڑکوں اور بستیوں پر پتھراؤ کرکے وادی میں خلل ڈالتے تھے اور لوگوں کو زخمی اور جان سے مار ڈالتے تھے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں سیاسی تبدیلی مستقل ہے اور عدالت عظمی اس بھتہ خور گروہ کا ہمیشہ کے لئے آئینہ دکھائے گی‘‘۔ ڈاکٹر درخشاں نے کہا ، خصوصی حیثیت کا مطلب ہے خصوصی ترقی ، رہائش کے خصوصی مواقع اور نیا جموں و کشمیر آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر میں ہونے والے ان تمام خصوصی منصوبوں کے لئے موزوں ہے۔