جموں //ریاستی الیکشن کمشنر کے کے شرما نے بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کا تیسرا مرحلہ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا جس میں مجموعی طور پر 50.53 فیصد رائے دہندگی ریکارڈ کی گئی ۔پولنگ ختم ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمشنر نے کہاکہ ضلعی ترقیاتی کونسل انتخابات ، 2020 کے تیسرے مرحلے کے دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد ووٹ ڈالنے نکلی ۔انکا کہنا تھا کہ کشمیر ڈویژن میں 16 اور جموں ڈویژن کے 17 حلقوں سمیت ڈی ڈی سی کے 33 حلقوں میں پولنگ پرامن رہی۔ انہوںنے بتایا کہ مجموعی طور پر737648 میں سے 372643ووٹرز (جن میں 199544 مرد اور 173099 خواتین شامل ہیں) نے اپنی اپنی کونسلوں میں اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے کے لئے ووٹ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹ ڈالنے والوں میں سے 114756 کا تعلق کشمیر ڈویژن اور 257887 کا تعلق جموں ڈویژن سے تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کشمیر ڈویژن سے 1254 اور جموں ڈویژن سے 792 سمیت 2046 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ہوئی۔کے کے شرما نے مزید بتایا کہ جموں ڈویژن میں اوسطاً 68.88 فیصد شرح پولنگ ریکارڈ کی گئی جن میں ضلع ریاسی میں سب سے زیادہ 75.20 فیصد تناسب رہا ، اس کے بعد راجوری ضلع میں 72.81 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ جموں ڈویژن میں سب سے کم ووٹنگ ڈوڈہ ضلع میں ہوئی جہاں 59.51فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کشمیر ڈویژن میں اوسطاً 31.61 شرح پولنگ ہوئی۔ کولگام ضلع میں سب سے زیادہ 64.45 پولنگ رہی، بانڈی پورہ میں 56.73 اور بڈگام 50.18فیصد پولنگ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ ضلعی سطح پر تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بارہمولہ میں 30.94 فیصد، گاندربل میں 24.69 فیصد ، شوپیان میں 22.68فیصد ، اننت ناگ میں 21.64فیصد اور پلوامہ میں 10.87 فیصد تناسب رہا۔ جموں صوبے کے پونچھ میں 72.18فیصد ، جموں میں 70.44فیصد ، کشتواڑ میں 70.35فیصد ، سانبہ میں 70.15فیصد ، رام بن میں 64.79فیصد اور کٹھوعہ میں 62.18فیصد ووٹنگ ریکارڈکی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ سرپنچ اور پنچ حلقوں کے لئے ضمنی چنائو کی ووٹوں کی گنتی پولنگ کے اختتام کے فوراً بعد عمل میں لائی گئی۔
۔110 سالہ سلطان محمد نےاولڈ ایج پنشن کیلئے ووٹ ڈالا
عشرت حسین بٹ
منڈی//بلاک لورن کے پنچایت حلقہ بیلہ بالا سے تعلق رکھنے والے 110 سالہ سلطان محمد نے اپنے اولڈ ایج پینشن کی واگزاری کے لئے ووٹ دیا ۔ سلطان محمد جو کہ ضعیف العمر ہیں ، کا ابھی تک سماجی بہبود محکمہ کی جانب سے اولڈ ویج پینشن کیس حل نہیں کیا گیا ہے۔110سال کی عمر کے باوجود بھی اسے سوشل ویلفیئر سیکم کے دائرے میں نہیں لایا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سکیم کے تحت بزرگ اور عمر رسیدہ مرد و خواتین کو ماہانہ ایک ہزار روپے دیئے جاتے ہیں۔سلطان محمد کا کہنا ہے کہ اب ایک امیدوار نے وعدہ کیا ہے اس لئے وہ ووٹ ڈالنے کیلئے آیا۔