نئی دہلی//کوروناوائرس کی عالمگیر وباء کے دوران مرکزی حکومت کے پنشنروں کوایک بڑی راحت دیتے ہوئے ،حکومت نے انہیں لائف سرٹیفکیٹ داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کرکے اسے اگلے برس28فروری تک بڑھایا ہے ۔مرکزی وزیر مملکت برائے پرسنل ڈاکٹر جتندرسنگھ نے کہا کہ یہ فیصلہ پنشن تقسیم کرنے والے بینکوں میں کووِڈ – 19کے پیش نظربھیڑ بھاڑ کو جمع نہ ہونے دینے کو مدنظر رکھ کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ80برس سے زیادہ عمر کے پنشنروں کیلئے یکم اکتوبر سے ایک خاص کھڑکی کھولی گئی تاکہ وہ اپنی لائف سرٹیفکیٹ داخل کریں۔ سنگھ نے کہا کہ اگرچہ لائف سرٹیفکیٹ پنشن حاصل کرنے کیلئے ہرسال داخل کرنا لازمی ہے،تاہم حکومت نے ایک فیصلہ لیا اور انڈین پوسٹ پے منٹ بینک کوڈجٹل لائف سرٹیفیکٹ داخل کرنے کیلئے شامل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنشنروں کے گھروں سے ڈجٹل لائف سرٹیفکیٹ جمع کرنے کیلئے 1.89 لاکھ ڈاکیے کام پرلگادیئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ دیہی علاقوں میں رہائش پزید پنشنروں کیلئے ایک بڑی راحت ہے ۔ حکومت نے عمر رسیدہ اور کمزور پنشنروں کولائف سرٹیفکیٹ داخل کرنے میں مدد دینے کیلئے ایک مہم بھی شروع کی ہے ۔