نئی دہلی/ٹیم انڈیا کے سابق بلے باز دلپ وینگسرکرنے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے اپیل کی ہے کہ ٹیم کے سابق بلے باز راہل دراوڑ کو ٹیم انڈیا کی مدد کے لئے فوراً آسٹریلیا بھیجنا چاہئے ۔دلپ وینگسرکر کاخیال ہے کہ بطور کوچ دراوڑ کاتجربہ باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی کی غیرموجودگی میں ٹیم انڈیا کے کام آئے گا۔ ان کی موجودگی سے ٹیم کو کافی مدد ملے گی۔ہندوستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں پہلے ٹسٹ مقابلے میں آٹھ وکٹ سے زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے ایک اخبار سے کہا ،‘‘بی سی سی آئی کو راہل دراوڑ کو فوراً آسٹریلیا بھیجنا چاہئے ۔ آسٹریلیا کے ماحول میں دراوڑ سے بہتر کوئی بھی ہندوستانی بلے بازوں کی رہنمائی نہیں کرسکتا۔ ان کی موجودگی سے نیٹس میں ٹیم کو کافی مدد ملے گی اور بورڈ قومی ٹیم میں دراوڑ کا استعمال بخوبی کرسکتا ہے ’’۔سابق ہندوستانی کھلاڑی نے مزیدکہا کہ دراوڑ کو فوراً بھیج دینا چاہیے کیونکہ اگر انہیں 14 دن کے لئے کوارنٹین میں رہنا پڑا تو بھی وہ تیسرے ٹسٹ سے ٹیم کے ساتھ وابستہ ہوسکتے ہیں۔ (یواین آئی)