کنگن// 434کلومیٹر طویل سرینگر لیہہ شاہراہ سے منگلوار کو برف مکمل طور ہٹاکر اُسے گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل بنایا گیااور امکان ہے کہ آج گاڑیوں کو سونہ مرگ سے کرگل جانے کی اجازت دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق 6 دسمبر کو بالائی علاقوں میں ہوئی بھاری برفباری کے بعد اعلیٰ حکام نے سرینگر لداخ شاہراہ کو احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آواجاہی کے لئے بند کیا تھا جس کے نتیجے میں شاہراہ کے دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوگئیں تھی، تاہم باڈر روڑس آرگنائزیشن نے زوجیلا کی طرف سے جنگی بنیادوں پر سڑک سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا جبکہ پروجیکٹ وجیک نے دراس کی طرف سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا۔ذرائع سے معلوم ہوا کہ مسلسل پندرہ روز تک لگاتار شاہراہ پر برف ہٹانے کے دوران بیکن اور پروجیکٹ وجیک کے اہلکاروں کو کافی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کافی مشقت کے بعد منگل کو شاہراہ پرسے برف ہٹا کر اُسے قابل آمد رفت بنایا گیا جس کے بعد دراس سے سرینگر کی طرف گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔ڈی ایس پی ٹریفک (رورل) گاندربل فہیم علی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شاہراہ سے برف ہٹانے کے ساتھ ہی دراس سے سرینگر کی طرف گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر موسم ساز گار رہا تو آج سونہ مرگ سے کرگل کی طرف گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔