پلوامہ//لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے انڈسٹریل گروتھ سنٹر لاسی پورہ کا دورہ کر کے وہاں قائم تجارتی یونٹوں کے کام کاج کا جائیزہ لیا اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔ آئی جی سی کے یونٹ ہولڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشیر خان نے انہیں انڈسٹریل گروتھ سنٹر کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں اقتصادی سرگرمیوں کے مرکز کے طور پر لاسی پورہ کو صنعتکاری اور تجارت کو فروغ دینا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں سے نہ صرف بے روز گار نوجوانوں کو پائیدار روز گار فراہم ہونا چاہئیے بلکہ صنعتکاری اور سرمایہ کاری کیلئے ایک موافق ماحول بھی قائم کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو تجارت میں آسانی یقینی بنا کر ان انڈسٹریل اسٹیٹس کو اُمید کا مرکز بنانا چاہئیے ۔ مشیر نے کہا کہ حکومت آئی جی سی لاسی پورہ کو جدید ترین صنعتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے تمام مدد فراہم کرنے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تجارت میں آسانی محکمہ صنعت و حرفت سڈکو ، بجلی اور پلیوشن کنٹرول بورڈ کے درمیان قریبی تال میل سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے یونٹ ہولڈروں کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائیز مسائل اور مانگوں کا ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا ۔ مشیر نے کولڈ سٹوریج یونٹوں وغیرہ کا بھی دورہ کیا اور جی آئی ایس گرڈ سٹیشن کے دورے کے دوران یونٹ ہولڈروں کو یقین دلایا کہ بجلی کی کٹوتی کے معاملے کو جلد ہی نمٹایا جائے گا ۔ بعد میں مشیر نے یونٹ ہولڈروں اور ضلع کے صنعتکاروں کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی ۔ اس موقعہ پر آئی جی سی لاسی پورہ کے چیمبر آف انڈسٹری کے نمائندوں نے پانی کی قلت ، پلیوشن کنٹرول بورڈ کی جوابدہی ، کوڑا کرکٹ جمع کرنے کی جگہ ، قرضہ جات اور کرایہ پر سود میں چھوٹ دینے ، ڈی آئی سی میں معقول عملے کی تعیناتی اور پلوامہ سے آئی جی سی تک فائیبر کیبل بچھانے سے متعلق مسائل اور مانگیں پیش کیں ۔