سرینگر//شہر سرینگر کے مضافاتی علاقہ لاوے پورہ میں ہوکر سر کے نزدیک جو مسلح معرکہ آرائی گذشتہ شام شروع ہوئی تھی وہ بدھ کو تین جنگجوﺅں کے جاں بحق ہونے پر اختتام پذیر ہوئی۔
نیوز ایجنسی کے این او نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ تین جاں بحق جنگجوﺅں کی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے اور علاقے میں تلاش آپریشن جاری ہے۔مزید یہ کہ اس معرکہ آرائی کے دوران اُس مکان کو جزو ی نقصان پہنچا ہے جس میں مذکورہ جنگجو چھپے تھے۔
گذشتہ شام اندھیرا ہونے کی وجہ سے جنگجو مخالف آپریشن معطل کیا گیا تھا۔تاہم علاقے کا محاصرہ مزید سخت کیا گیا تھا تاکہ چھپے جنگجو بھاگنے نہ پائیں۔
آج صبح طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جس کے دوران تینوں جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
یہ مسلح معرکہ آرائی گذشتہ شام اُس وقت شروع ہوئی تھی جب پولیس ،فوج اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے ہوکرسر علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔