ویٹ سکیم چھوٹ میں ایک سال کی توسیع کی جائے: چیمبر
سرینگر //کشمیر چیمبر آف انڈسٹریز اور کامرس نے سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ ویٹ سکیم میں چھوٹ کو مزید ایک سال کیلئے بڑھائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگست 2019کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے ہماری کمر ٹوٹ گئی ہے۔ کے سی سی اینڈ آئی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ موجودہ اقتصادی صورتحال کو دیکھ کر اقتصادی ماہرین سنگین مالی بحران کی پیشن گوئی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیںکہ ہماری مانگ حقائق پر مبنی ہے اور یہ عام لوگوں کے حق میں ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ مالی سال 2018-19کے دوران کشمیر میں کام کرنے والے ہزاروں تاجر جی ایس ٹی آر9 اورجی یس ٹی 9سی فارم جمع نہیں کرپائے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سرکار سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ جی ایس ٹی میں چھوٹ کو مزید توسیع دیں۔ کشمیر چیمبر آف انڈسٹریز اینڈ کامرس کا کہنا ہے کہ مال تیار کرنے والے صنعت کاروں کو مالی مدد فراہم کی جانی چاہئے تاکہ وہ تمام سہولیت کو فائدہ اٹھاسکیں۔
سکمز کانرسنگ امتحانات کی تحقیقات کرانے کا اعلان
نیوز ڈیسک
سرینگر //سکمزصورہ کی انتظامیہ نے بی ایس سی نرسنگ کورسز کیلئے لئے گئے داخلہ امتحانات میں دھاندلیوں کے الزامات کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لیا گیا ہے اور تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جوامتحانات میں حصہ لینے والے اُمیدواروں کے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔ سکمز انتظامیہ نے یہ واضح کردیا ہے کہ اگر منتخب اُمیدوروں کی فہرست میں کسی بھی قسم کی دھاندلی پائی گئی تو فہرست کو رد کرکے قصورواروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ نے مزید کہا کہ داخلہ امتحانات کیلئے کشمیر یونیورسٹی کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ سکمز انتظامیہ نے کہا کہ معاملہ کی سنجیدگی کو لیتے ہوئے تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اُمیدواروں کے خدشات کو دور کیا جاسکے۔
پولیس ٹیلی کمیونیکیشن کے 6ملازمین ترقیاب
جموں //ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے جموں و کشمیر پولیس کے ٹیلی کمونیکیشن شعبہ کے 6نان گزیٹیڈ ملازمین کو ترقی دینے کے احکامات جاری کردئے ہیں۔ چار سب انسپکٹروں جنہیں ترقی دیکر انسپکٹر بنایا گیا ہے ، میں ایس غلام حسن، ایس عابد میر ، ایس آئی راکیش کمار اور ایس آئی کلدیپ کمار شامل ہے۔ حکم نامہ میں 2اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کو ترقی دیکر سب انسپکٹر بنایا گیا ہے اور ان میں ائے ایس آئی فاروق احمد اور ائے ایس آئی راجدیو سنگھ شامل ہے۔ڈی جی پی نے ترقی پانے والے افسران اور انکے اہلخانہ کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی خدمت کیلئے خود کو وقف کریں۔
اننت ناگ سے لکھن پورتک SRTC بس سروس شروع
عارف بلوچ
اننت ناگ // جموں کشمیر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کمشنر نے اننت ناگ سے لکھن پور تک خصوصی بس سروس شروع کی ہے۔32 سیٹوں والی بس ہر روز ضلع ہیڈکوارٹر سے لکھن پور کے لئے روانہ ہوگی۔کارپوریشن کے مطابق بس مسافروں کے لئے کافی آرام دہ ہے اور جو لوگ اس بس میں سفر کرنے کے خواہشمند ہوں وہ ڈیپو منیجر جے کے ایس آر ٹی سی اننت ناگ کے دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں یا فون نمبر 8899052127 پر فون رابط قائم کریں۔
اننت ناگ ضلع میں پی وی سی استعمال نہ کرنے کی اپیل
عارف بلوچ
اننت ناگ //ضلع انتظامیہ اننت ناگ کی جانب سے سرکاری دفاتر یا تقریبات کے دوران پی وی سی (پلاسٹک ) بینر چسپاں کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔انتظامیہ کے حکم نامہ کے مطابق پلاسٹک نان بایو ڈگریڈیبل شے ہے جسے جلانے کے بعد زہریلا دھواں خارج ہوتا ہے جو ماحولیات کو آلودہ کرتا ہے اور جانداراروں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔حکم نامہ میں ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران پر زور دیا گیا کہ وہ پی وی سی فلیکس پوسٹروں اور بینرز کے استعمال سے سختی سے پرہیز کریں اور متبادل کے طور پر کپڑے،کاغذ یا قدرتی فائبر کا استعمال عمل میں لائیں۔
بزرگوں کے حقوق
ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے زیر اہتمام تقاریب
ارشاد احمد
گاندربل//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل کے زیر اہتمام پنچایت گھر گنڈ اور اندرون میں تقاریب کاانعقادکیا گیاجن میںوالدین کی بحالی ، فلاح و بہبود اور بزرگوں کے حقوق سے متعلق آگاہی دلائی گئی۔بزرگ شہریوں کے صحت کے معائنہ کے ساتھ ساتھ ان کی زندگیوں اور املاک کے تحفظ پر بھی بات چیت ہوئی۔ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل کے چیئرمین محمد یوسف وانی کی ہدایت پرسیکریٹری اتھارٹی محترمہ تبسم کی نگرانی میں اس کا انعقاد کیا گیا تھا۔اس موقع پر سیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل نے خطاب کرتے ہوئے بزرگ شہریوں کے حقوق کے بارے میں لوگوں کوآگاہ کیا۔انہوں نے بزرگ شہریوں کوگولڈن کارڈ کے لئے اندراج کی نگرانی بھی کی۔اس موقع پر 86 بزرگ شہریوں نے اسکیم سے استفادہ کیا۔وکلاء کی جانب سے ہلال احمد گنائی اور ایس ایم مستحسن نے والدین اور بزرگ شہریوں کے ایکٹ اور فلاح و بہبود کے بارے میں مفصل روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کس طرح بزرگ شہری اپنی شکایات کا ازالہ کرسکتے ہیں۔اس موقع پر گل افروز خان جونیئر لیگل اسسٹنٹ نے بزرگ شہریوں کو ہونے والے فوائد اور مراعات پر روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران لیگل سروس اتھارٹی سے وابستہ افراد اور دیگر عملہ بھی موجود تھے۔
بانڈی پورہ میں2نو منتخب کونسلروں کو حلف دلایا گیا
بانڈی پورہ//شمالی ضلع بانڈی پورہ کے میونسپل کونسل میں جمعرات کوایک تقریب کے دوران2نو منتخب کونسلروں کو حلف دلایا گیا۔ڈی ڈی سی بانڈی پورہ علی محمد خان نے دونوں نومنتخب کونسلروںکو حلف دلایا۔ اس موقع پر میونسپل کونسل بانڈی پورہ کے صدر بشارت حسین کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ میونسپل کونسل بانڈی پورہ میں وارڈ نمبر ایک اور وارڈ نمبر 6کیلئے حال ہی منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران کونسلرز منتخب ہوئے تھے۔وارڈ نمبر 6 سے نصیر احمد میر نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ وارڈ نمبر ایک سے افروزہ بیگم نے جیت درج کی تھی۔حلف برداری کے موقع پر میونسپل کونسل بانڈی پورہ کے صدر بشارت حسین نجار نے کہا کہ یہ ایک اہم اور خوش آئند اقدام ہے جس کے باعث ہمیں اپنے حدود میں آنے والے ہر علاقے کی تعمیر و ترقی میں مدد ملے گی۔
ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی بارہمولہ کا انتخابی عمل مکمل
ذیشان پرویز صدر، رحمت اللہ نائب اورفیاض احمد سیکریٹری منتخب
فیاض بخاری
بارہمولہ //جموں و کشمیر ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی ضلع بارہمولہ کے الیکشن میں ضلع صدر کے عہدے کیلئے سابق ضلع صدر ذیشان پرویز اور عبدالرشید خان کے درمیان مقابلہ رہا جس میں ذیشان پرویز نے کامیابی حاصل کی اور ایک بار پھر ضلع صدر جموں وکشمیر ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی ضلع بارہمولہ منتخب ہوئے جبکہ نائب ضلع صدر عہدے کیلئے سابق نائب ضلع صدر فیروز علی اور میر رحمت اللہ کے درمیان مقابلہ تھا جس میں میر رحمت اللہ نے میدان مار لیا اور بحیثیت نائب ضلع صدر جموں و کشمیر ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی ضلع بارہمولہ منتخب ہوگئے۔ضلع سیکرٹری کی نشست پر فیاض احمد گوجری بلا مقابلہ کامیاب قرار پایا۔انتخابی عمل کو صاف و شفاف طریقے سے کامیاب بنانے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن جموں و کشمیر ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ممبران با لخصوص عظمت اقبال ، محمد شفیع شاہ ، شاہنواز احمد لون اور نگراں عبدالماجد وار نے نمایاں کرادر ادا کیا۔
منشیات مخالف مہم
منشیات مخالف مہم
بڈگام میںشہری گرفتار
بڈگام میںشہری گرفتار
سرینگر//بڈگام پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران ایک شہری کو گرفتار کیا ہے۔ بڈگام پولیس نے میر گنڈ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک ایک شخص کو مشتبہ حالت میں پاکر اُسکی تلاشی لی ۔تلاشی کارروائی کے دوران عبدالرشید راتھر ساکن نصراللہ پورہ بڈگام نامی شخص کے قبضے سے 90گرام چرس کے علاوہ نشیلی دوائی برآمد کی۔مذکورہ شخص کوگرفتار کرکے بڈگام تھانہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ زیر حراست ہیں۔اس سلسلے میں بڈگام تھانہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر471/2020کے تحت درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
منشیات مخالف مہم
منشیات مخالف مہم
بڈگام میںشہری گرفتار
بڈگام میںشہری گرفتار
سرینگر//بڈگام پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران ایک شہری کو گرفتار کیا ہے۔ بڈگام پولیس نے میر گنڈ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک ایک شخص کو مشتبہ حالت میں پاکر اُسکی تلاشی لی ۔تلاشی کارروائی کے دوران عبدالرشید راتھر ساکن نصراللہ پورہ بڈگام نامی شخص کے قبضے سے 90گرام چرس کے علاوہ نشیلی دوائی برآمد کی۔مذکورہ شخص کوگرفتار کرکے بڈگام تھانہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ زیر حراست ہیں۔اس سلسلے میں بڈگام تھانہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر471/2020کے تحت درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
بلاک سنگھ پورہ سے دو پنچ اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر//ضلع بارہمولہ کے بلاک سنگھ پورہ اور مٹی پورہ کے حلقہ کرپلا گڑھ کے دو پنچایتی ممبران نے جمعرات کو اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن میں عبدالحمید شیخ اور ہلال احمد شیخ شامل ہیں۔ اِن پنچایتی ممبران نے پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، پارٹی کے سینئرلیڈر محمد دلاور میر، صوبائی صدر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، صوبائی نائب صدر جگموہن رینہ، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر کپوارہ راجہ منظور، محمد یاسین چوڑی ساز، انچارج خانیار عبدالغنی سوداگر، ایڈوکیٹ جاوید میر کی موجودگی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر نئے ممبران نے کہاکہ انہوں نے اپنی پارٹی ایجنڈا اور لیڈرشپ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے انتھک کام کرنے اور زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط کرنے کا عہد کیا۔ پارٹی قیادت نے اِ ن کا جماعت میں خیر مقدم کرتے ہوئے تاکید کی کہ وہ عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے کام کریں۔
چرارشریف میں فٹ پاتھ کی تعمیرمیں ہنوز لیت ولعل
ضلع انتظامیہ بڈگام سے مداخلت کی اپیل
سرینگر// ضلع بڈگام کے مشہور قصبہ چرارشریف میں واقعہ بڈشاہ تالاب جسے اب بڑا تالاب کہا جاتاہے ،تک پہنچنے کیلئے واحد راستہ پرانے بس اڈہ سے نکلتا ہے لیکن چرارشریف باز آ بادکاری منصوبے کے تحت اس اہم سڑک رابطے کو نظراندازکیا ہے۔ مقامی لوگوں نے ایک مرتبہ پھر انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے کہ وقف بورڈ اور محکمہ مال کے درمیان تال میل نہ ہونے کے سبب کچھ لوگوں نے فٹ پاتھ پر قبضہ کیاہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ شاہ محلہ تالاب کلان اور وارڈ نمبر6کیلئے یہ فٹ پاتھ ریڈ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے تاہم پچیس سال گزرنے کے باوجود بھی تعمیراتی ایجنسی فٹ پاتھ پر کام ادھورا چھوڑکر گئی ہے۔مقامی آبادی کے مطابق نہ صرف قصبے کی آبادی بلکہ زائیرین کو بھی بڈشاہ تالاب تک آسانی سے پہنچنے میں دقت ہوتی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ تحصیلدار چرارشریف سے لیکر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیربھی اس معاملے سے آگاہ کئے گئے لیکن یقین دہانی کے سوا کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی۔
محکمہ اطلاعات کا اِندرجیت شرما کو الوداعیہ
جموں// محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے اپنے ایک ساتھی ہیڈ اسسٹنٹ اِندر جیت شرما کی سبکدوشی پر اُنہیں الوداعیہ دیا۔اِس موقعہ پر ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ ڈاکٹر سحرش اصغر نے محکمہ میں اِندر جیت کے کردار کو سراہا اور انہیںسبکدوشی پر مبارکباد پیش کی۔ اُنہوں نے سبکدوشی کے بعد کی زندگی کے لئے اِندرجیت سے نیک خواہشات کا اِظہار کیا اور کہا کہ سبکدوشی کے بعد کی زندگی معاشرے کی بہتری کے لئے وقف کی جاسکتی ہے۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن (ہیڈکوارٹر) اِرشاد احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر (پی آر) ، مدھوسلاتھیہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر (اے وی) وِنے کمار ، ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹرل سبھاش چندر ، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر سیّد نور الدین اَندرابی اور دیگر اَفسروں اور ڈی آئی پی آر کے ملازمین بھی موجود تھے۔ڈی آئی پی آر کے افسروں اور ملازمین نے ان کی خدمت کیریئر کے دوران دیانتداری اور اِیمانداری کے لئے اِندرجیت تعریف کی اور ان کی سبکدوشی پر مبارکباد پیش کی۔اِس موقعہ پر سحرش اصغر نے محکمہ اطلاعات کے ملازمین کی جانب سے تعریفی نشان کے طور پر اِندرجیت شرما کو ایک تحفہ اور مومنٹوبھی پیش کیا۔
جنوبی کشمیر میںزیر تعمیر پلوں کامعائنہ
سرینگر//محکمہ آر اینڈ بی کے سپر انٹنڈنگ انجینئر مفتی عمران نے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے یہاں زیر تعمیر اہم اور بڑے پلوں کی کام کاج کا جائز ہ لیا ۔انہوںنے ڈورو،نوپورہ ،زمبل گام،رین،قاضی گنڈ ،کپرن علاقوں میں زیر تعمیر پلوں پر جاری کام کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے اس دوران سڑکوں سے برف ہٹائے جانے کا بھی جائزہ لیا ۔ ان کے ہمراہ ایگزیکٹو انجینئر قاضی گنڈ ریاض احمد پرے اوردیگر افسران بھی تھے ۔ کے این ایس
سی پی آئی (ایم) کسان رہنما عبدالکبیر وانی کو خراج عقیدت
دسمبر// سی پی آئی (ایم) نے کولگام میں کسان تحریک کے بانی صدر عبدالکبیر وانی کو اُنکی 27 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں کسانوں ، نوجوانوں ، دانشوروں ، طلباء اور معاشرے کے دیگر لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت کسان رہنما غلام حسن راتھر نے کی۔ اس تقریب پر مختلف رہنماؤں نے خطاب کیا۔ کسان تحریک کو منظم کرنے میں عبد الکبیر وانی کو یاد کرتے ہوئے مقررین نے یاد دلایا کہ مرحوم نے ایک بڑی تحریک کی قیادت کی جس کو "سر دیں گے، سرپلس نہیں دیں گے" کے نام سے جانا جاتا ہے۔ تقریب سے محمد افضل پرے ، محمد یوسف لون ، غلام محی الدین لون ، بشیر احمد وانی اور عبدالمجید ملک نے خطاب کیا۔
سی این آئی نامہ نگارسے اظہار تعزیت
سرینگر //خبررساں ایجنسی سی این آئی سے وابستہ نامہ نگار برائے اننت ناگ امان ملک کی والدہ نسبتی جمعرات کی صبح طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں ۔سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ افرادنے غمزدہ خاندان سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔