پونے// مہاراشٹر کے ضلع بھنڈارہ کے ایک سرکاری اسپتال میں ہفتہ کے روز خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 10 نوزائید بچے دم توڑ گئے۔
اسپتال کے سول سرجن ڈاکٹر پرمود کھنڈاتے نے بتایا کہ چائلڈ کیئر وارڈ میں ایک سے تین ماہ تک کی عمر کے 17 بچوں کو رکھا گیا تھا۔ آج صبح ایک نرس نے دیکھا کہ اس وارڈ سے دھواں نکل رہا ہے،اس واقعہ کی ڈاکٹروں کو فوراً اطلاع دی گئی۔ اسپتال کے عملے نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی تاہم صرف سات بچوں کو ہی بچایا جاسکا ، بقیہ 10 بچے جل کر جاں بحق ہوگئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق صبح نو بجے کے قریب چائلڈ کیئر وارڈ میں آگ بھڑک اٹھی۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن خدشہ ہے کہ یہ واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ہے۔
ڈاکٹر کھنڈاتے نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین کو اس واقعے کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ حادثے میں زندہ بچ جانے والے سات بچوں کو دوسرے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔