سالِ نو
مُتفرقات
آ گیا ہے پھِر سے عُشاقؔ سالِ نو
لے کے آئے گا یہ اپنا حالِ نو
آنے والے کل سے ہم محرم نہیں
کیسی ہوگی اس کی آگے تالِ نو
���
سالِ نو سے اب یہی اُمید ہے
یہ کہ رکھے گا ہمیں مستِ خرام
شاعری کے شوق کو ہم چھوڑ کر
زندگی باقی گزاریں زیرِ بام
���
لاکھ بہتر ہے کہ اب سو جائیں ہم
خوابِ شیریں میں کہیں کھو جائیں ہم
زندگی ہے خود بخود پُلِ صراط
اس سے بھی دو چار تو ہو جائیں ہم
عُشّاق ؔکِشتواڑی
صدر انجُمن ترقٔی اُردو (ہند) شاخ کِشتواڑ
موبائل نمبر؛ 9697524469
آرزو سورج کی
کتنی لمبی
سیاہ رات ہے یہ
اب تو کچھ بھی دکھائی دیتا نہیں
نیند آنکھوں میں
جاگتی ہے مگر
خواب کوئی دکھائی دیتا نہیں
ذراسی دیر کو
اترا تھا چاند دھرتی پر
مگر وہ
جھیل کے پانی میں کھوگیا ہے کہیں
کشتیاں پانیوں میں ہیں خاموش
بادبانوں کی منتظر ہے نگاہ
چھوڑ آئے تھے اپنے ساحل کی
جانے وہ ریت اب کہاں ہوگی
مین کہ سورج کی آرزو میں کہیں
سحر کے پاوں تلے
دب کے مر گیا شاید !!
آحمد کلیم فیض پوری
موبائل نمبر؛ 8208111109
کَبَڈی کَبَڈی
یہ سانسیں ہماری کَبَڈی کَبَڈی
کہ ہے دنیا ساری کَبَڈی کَبَڈی
یہاں موت پیچھے پڑی زندگی ہے
یہ بھاگے بے چاری کَبَڈی کَبَڈی
سنو الُجھنوں سے یہاں کھیلتے ہیں
سبھی نرَ و ناری کَبَڈی کَبَڈی
بہو ساس دونوں ہیں ہیلمیٹ لگاکے
نہیں انِ میں یاری کَبَڈی کَبَڈی
رنگے ہاتھوں شوہر کو بیگم نے پکڑا
تھا ہوٹل میں جاری کَبَڈی کَبَڈی
لو سائنس بھی اتُرا ہے ’’ کووڈِ‘‘ مقابِل
ہے دونوں میں جاری کَبَڈی کَبَڈی
فلک کو زنانہ سمجھ کر ’’ مسیجِز ‘‘؟؟؟؟
ہے نیت تمہاری کَبَڈی کَبَڈی
فلکؔ ریاض
حسینی کالونی چھتر گام کشمیر
موبائل نمبر؛6005513109