سرینگر//جسمانی طور خاص افراد نے سرکاری نوکریوں میں انہیں مخصوص کوٹا فراہم نہ کرنے کے خلاف پریس کالونی میںمیڈیکل بورڈ اور سروس سلیکشن بورڈ کے خلاف زور دار احتجاج کرتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔میڈیکل بورڈ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورڈ جسمانی طورخاص ہونے کی جعلی اسناد ان لوگوں کو دے رہا ہے جو اس کے مستحق نہیں ہیں۔اس موقع پر جسمانی طور معذور افراد کی ایسو سی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ عدالت عظمیٰ کے حکمنامے کے باوجود بھی جسمانی طور خاص افراد کو سرکاری نوکریوں میں اپنا کوٹا نہیں دیا جا رہا ہے اور انہیں ہر وقت نظر انداز کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر کہیں بھی عملدر آمد نہیں ہوتا جس کے نتیجے میں مستحق افراد در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے الزام کیا کہ اتنا ہی نہیں بلکہ جموں کشمیر میڈیکل بورڈ کی جانب سے جعلی اسناد فراہم کی جا رہی ہیں جن کو بعد میں خود غرض عناصر جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ میں پیش کرتے ہیںجس کی بناء پر ان کی تعیناتی عمل میںلائی جاتی ہے تاہم وہ اسناد جعلی ہوتی ہیں اور جن مستحقین کا حق ہوتا ہے وہ محروم رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سروس سلیکشن بورڈ کو ایک لائحہ عمل مرتب کرنا چاہئے تاکہ جعلی اسناد کا پتہ لگایا جاسکے اور مستحق امید واروں کے حقوق پر شب و خون نہ مارا جائے ۔ بٹ نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی جانب سے ایسے افراد کے حق میں اسناد اجرا کی جاتی ہیں جس کے نتیجے میں مستحق امید واروں کے حقوق سلب کئے جاتے ہیں جو کہ سراسر نا انصافی ہے ۔