برسبین // یواین آئی // تیز گیندباز وں محمدسراج (73رن پر پانچ وکٹ )اور شاردل ٹھاکر (61رن پر چار وکٹ )کی خطرناک گیندبازی سے ہندستان نے آسٹریلیاکو چوتھے اور آخری کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن پیرکے روز دوسری اننگزمیں 294رن پر سمیٹ دیا۔آسٹریلیاکو کل 327رن کی سبقت حاصل ہوئی اور اس نے فیصلہ کن میچ میں ہندستان کے سامنے جیت کیلیے 328رن کا انتہائی مشکل ہدف دیاہے۔ہندستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور ایک اعشاریہ پانچ اوورمیں بغیر کوئی وکٹ گنوائے چار رن بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے دن کا باقی کھیل ختم کرنا پڑا۔روہت شرما نے ایک چوکا لگایا ہے اور وہ چار رن اور شبھ من گل کھاتہ کھولے بغیر کریز پر ہیں۔ہندستان کومیچ کے پانچویں اور آخری دن منگل کو جیت کے لیے 324رن بنانے ہونگے۔دوسری طرف آسٹریلیاکی پوری کوشش رہے گی کہ وہ ہندستان کے سبھی 10وکٹ حاصل کرلے۔اگر ہندستان یہ میچ جیتتا ہے یا ڈرا کرا لیتاہے تو بارڈر۔گاوسکر ٹرافی اپنے پاس رکھے گا کیونکہ ہندستان 19۔2018کے پچھلے دورے میں سیریز 1۔2سے جیتی تھی۔آسٹریلیانے چوتھے دن بغیر کوئی وکٹ کھوئے 21رن سے آگے کھیلنا شروع کیالیکن ہندستان کے تیز گیندبازوں سراج اور ٹھاکرنے اپنا جلوہ دکھاتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم کو 75اعشاریہ 5اوور میں 294رن پر آل آؤٹ کرکے اسے بڑی سبقت لینے سے روک دیا۔سراج نے 19اعشاریہ 5اوورمیں 73رن دیکر پانچ وکٹ ،ٹھاکر نے 19اوور میں 61رن دیکر چاروکٹ اور واشنگٹن سندر نے 18اوور میں 80رن دیکر ایک وکٹ لیا۔ٹی نٹراجن 14اوورمیں 41رن جبکہ نودیپ سینی پانچ اوور میں 32رن دیئے اور انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔اس سے قبل صبح سلامی بلے باز مارکس ہیرس نے این رن اور ڈیوڈ وارنر نے 20رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایااور دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 89رن بنائے۔اس وقت ایسا لگ رہاتھا کہ یہ شراکت داری اور بڑی ہوگی لیکن ٹھاکر نے وکٹ کے پیچھے رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکے ہیرس کو آؤٹ کردیا۔ہیرس نے 82گیندمیں آٹھ چوکوں کی مددسے 38رن بنائے۔آسٹریلیاابھی پہلے جھٹکے سے سنبھل ہی نہیں پایاتھاکہ آف اسپنر سندرنے وارنر کو ایل بی ڈبلیوآؤٹ کرکے ٹیم کو دوسراجھٹکا دے دیا۔وارنر نصف سنچری بنانے سے چوک گئے اور انھوں نے 75گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 48رن بنائے۔دووکٹ گرنے کے بعد مارنس لابوشین نے اسٹیواسمتھ کے ساتھ ملکر آسٹریلیائی اننگز کوسنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں بلے بازوں کے بیچ تیسرے وکٹ کیلیے 32رن کی شراکت داری ہوئی۔یہ شراکت داری حالانکہ اور بڑی ہوتی ، اس سے پہلے ہی سراج نے روہت شرما کے ہاتھوں کیچ کراکے لابوشین کی اننگز کا خاتمہ کردیا اوریہ شراکت داری طویل ہونے سے پہلے ہی ٹوٹ گئی۔لابوشین نے 22گیندوں میں پانچ چوکوں کی مددسے 55رن بنائے۔لابوشین کے آؤٹ ہونے کے فورا بعد ہی سراج نے میتھیوویڈ کوپنت کے ہاتھوں کیچ کرادیااور آسٹریلیاکو چوتھا جھٹکا دیا۔ویڈ تین گیندیں کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔