سرینگر//سجاد لون کی قیادت والی پیپلز کانفرنس نے منگل کو عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ سے علیحدگی اختیار کرلی۔پارٹی نے بتایا کہ اُس نے یہ فیصلہ اتحاد کی اکائیوں کے درمیان اعتماد کے فقدان کی وجہ سے لیا ہے۔
اتحاد کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کے نام ایک خط میں پیپلز کانفرنس کے چیئر مین سجاد لون نے لکھا”یہ ہمارے لئے بہت مشکل ہے کہ ہم ایسے خاموش رہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہیں ہے،اتحاد کی اکائیوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے ،ہماری پارٹی میں یہی غالب رائے پائی گئی کہ ہم اتحاد سے علیحدہ ہوجائیں،اس لئے میں اس بات کی تصدیق کرتا ہوں کہ اب سے ہم عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کا حصہ نہیں ہیں“۔
سجاد نے تاہم اس بات کی وضاحت کی ہے کہ انہوں نے اتحاد سے علیحدگی اختیار کی ہے اس کے مقاصد سے نہیں۔انہوں نے لکھا”ہم اُن مقاصد کیلئے برابر کھڑے ہیں جن کیلئے اتحاد کا قیام عمل میں لایا گیا تھا،ہم یقین دلاتے ہیں کہ مقاصد کی تکمیل کیلئے ہم ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے،ہم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ میں شامل لیڈروں اور پارٹیوں کیخلاف کوئی بیان جاری نہ کیا جائے“۔
قابل ذکر ہے کہ سجاد لون عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے ترجمان اعلیٰ تھے۔
اس اتحاد کا قیام جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کیلئے ”جد و جہد“ کیلئے عمل میں لایا گیا تھا اور اس میں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی وغیرہ شامل ہیں۔