جموں//محکمہ سیاحت کشمیر نے بدھ کے روز گلمرگ میں تعارفی سکی کورس کے لئے جموں و کشمیر کے لڑکوں کے پہلے بیچ کو یوٹی کے باہر روانہ کیا ۔ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی نے مختلف ریاستوں سے لئے گئے لڑکوں کے 20 رُکنی گروپ کو ٹی آر سی سری نگر سے روانہ کیا۔ جوائنٹ ڈائریکٹر سیاحت تبسم کاملی اور ڈپٹی ڈائریکٹرسیاحتی پبلسٹی / تفریح عدیل سلیم بھی موجود تھے۔ یہ جموں و کشمیر کے لڑکوں کا پہلا گروپ ہے جو کہ گلمرگ میں 7 روزہ تعارفی سکی کورس میں شرکت کریں گے۔ اس گروپ کو سکیئنگ سے متعلق بنیادی تربیت فراہم کی جائے گی ۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے قیام و طعام اور سکی سامان مفت فراہم کیا جارہا ہے۔ سکی انسٹرکٹروں کی چار رُکنی ٹیم اِن ابتدائیوں کو سکیئنگ کی تربیت دے رہی ہے۔ڈائریکٹوریٹ ٹوراِزم کشمیر نے رواں سیزن میں زیادہ سے زیادہ 6 گروپوں کو سکینگ کی تربیت دینے کے لئے ہفتہ وار کیلنڈر تیار کیا ہے۔