سرینگر//پہلگام میں سرمائی کھیلوں کی انجمن کے اہتمام سے جنوبی کشمیر سکی چیمپین شپ کااہتمام کیا گیاجس میں جنوبی کشمیرکے تمام اضلاع کے مختلف زمروں میںساڑھے تین سو لڑکے لڑکیوں نے شرکت کی۔چیمپین شپ کو جموں کشمیر سپورٹس کونسل کا تعاون حاصل تھا جبکہ اس کیلئے لاجسٹک سپورٹ JIM &WSکے کرنل تھاپا نے دیا۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی پرنسپل جے آئی ایم اینڈ ڈبلیوایس کرنل آئی پی تھاپا تھے،جبکہ روف ترمبو صدراے ٹی اوراے کے اور پہلگام میونسپل کمیٹی کے سی ای او مہمان ذی وقار تھے۔اس موقعہ پرجیتنے والوں کو مہمان خصوصی نے میڈل عطا کئے ۔اس کے علاوہ تمام شرکاء کو شرکت کی اسناد بھی فراہم کی گئیں ۔ سرمائی کھیلوں کی انجمن کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف نے کہا کہ انجمن اس طر ح کی تقاریب کاانعقاد تمام اضلاع میں کررہی ہے تاکہ نوجوانوں کو سرمائی کھیلوں کی طرف راغب کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ اس کیلئے تمام سہولیات دستیاب ہونے کے باوجود یہ کھیل مقبول عام نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لدروادی میں سرمائی کھیلوں کی کافی صلاحیتیں ہیں ۔یوسف نے کہا کہ یہاں یخ پر مقابلوں کوفروغ دینے کے امکانات بھی ہیں ۔