کپوارہ//صحت افزاء مقام فرکن کرالپورہ کپوارہ کی آبادی کوبنیادی سہولیات بہم نہ ہونے کی وجہ سے گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔فرکیاں گلی کے دامن میں علاقہ فرکن بہت خوبصورت گائوں ہے اورماضی میں ایک سیاحتی مقام رہ چکاہے۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقہ میں بہتر سڑک رابطہ ،بجلی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ایک خواب ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقہ میں گزشتہ ستر برس کے دوران کوئی تعمیر وترقی نہیں ہوئی اور اس علاقے کی سڑکوں کا حال اس قدرناگفتہ بہہ ہے کہ جگہ جگہ ان میں گہرے گڑھے بن چکے ہیں جن کی وجہ سے لوگوں کو عبورومرورمیں مشکلات کا سامنا ہے ۔ان سڑکوں پرآج تک تارکول بھی نہیں بچھایا گیا ہے اورگہرے گڑھوں میں روڈی بھی نہیں ڈالی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے مزیدکہا کہ علاقہ میں علاج ومعالجہ کی بھی کوئی سہولت نہیں ہے جبکہ ایک طبی سب سینٹر میں بہتر طبی سہولیات کا فقدان ہے۔لوگوں کے مطابق علاقہ کے مریضوں کو علاج کیلئے نو کلومیٹر دور سب ضلع اسپتال کرالہ پورہ کارُخ کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے علاقہ میں ایک بڑے اسپتال کو قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس دوردرازعلاقہ کے لوگوں کو بہتر طبی علاج کیلئے دردرکی ٹھوکریں نہ کھانا پڑیں ۔مقامی آبادی نے مزید شکایت کی کہ یہاں ایک واٹر سپلائی اسکیم ہے جو باربار خراب ہوتی ہے جس کی وجہ سے لوگ کئی کئی دنوں تک پینے کے صاف پانی سے محروم رہ جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ برسوں پرانی اس واٹر سپلائی اسکیم کودوبارہ نئی پائپوں سے نہیں جوڑا گیااوراکثرمقامات پر یہ پائپیں زمین پر بچھائی گئی ہیں جس کی وجہ سے چلہ کلاں کے یخ بستہ موسم میں ان میں پانی اکثرجم جاتا ہے ،جس کاخمیازہ لوگوں کو بھگتناپڑتا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کا حال بھی اس علاقہ میں بے حال ہے اورلوگ ناقص بجلی نظام سے تنگ آچکے ہیں ۔لوگوں نے محکمہ بجلی پرالزام عائد کیا کہ علاقہ کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جاتی ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ علاقہ فرکن کی طرف توجہ دی جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ مل جائے۔