سرینگر// یومِ جمہوریہ تقریبات کے سلسلے میں جموں کشمیر ہائی کورٹ سرینگر کے احاطے میں تقریب کا انعقاد ہوا ۔ اس موقعہ پر جموں کشمیر ہائی کورٹ کے جج ، چیئرمین جیونائیل جسٹس کمیٹی جموں کشمیر ہائی کورٹ جسٹس علی محمد ماگرے نے قومی جھنڈا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ اس موقعہ پر جسٹس ماگرے نے حاضرین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک میں عدلیہ کے کردار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ آئین ہند کا ایک اہم جُز ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سرینگر ، عدلیہ کے اعلیٰ اہلکار ، پولیس اور سی آر پی ایف کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ دریں اثنا مختلف سرکاری دفاتر کے احاطوں میں بھی قومی جھنڈا لہرایا گیا ۔ جن میں صوبائی کمشنر کشمیر اور سول سیکرٹریٹ کے دفاتر بھی شامل ہیں ۔ صوبائی کمشنر کے دفتر کے احاطے میں ایڈیشنل ڈویژنل کمشنر نے قومی جھنڈا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ اسی طرح سول سیکریٹریٹ سرینگر میں بھی جھنڈالہرانے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقعہ پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود نے قومی جھنڈا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔