بارہمولہ // سیاحتی مقام گلمرگ میں ایک ہوٹل کی جانب سے پہلا اگلو کیفے بنایا ہے تاکہ یورپ کا احساس کشمیر میں بھی پیدا کیا جاسکے۔ جو لوگوں اور سیاحوں کیلئے ایک بہت بڑی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ملک میں سب سے پہلا اور ایشیا کا سب سے بڑا فن پارہ ہے ۔یہ اگلو کیفے بائیس فٹ چوڑا اور بارہ فٹ سے زیادہ اونچا ہے۔ مقامی و غیر ریاستی سیاح اس انوکھے شاہکار کی خوب ستائش کررہے ہیں۔ سیدوسیم شاہ جو کلہوئی گرین ہائٹس ہوٹل کے مالک ہیں،نے اپنے ہوٹل سے متصل اس اگلو کیفے کوتیارکیاہے تاکہ ایک یورپی احساس کشمیر میں بھی پیدا کیا جاسکے۔اس کیفے میں ایک ہی وقت ایک درجن سے زیادہ افراد رہ سکتے ہیں۔ جس میں موجود ہر چیز برف سے تیار کی گئی ہے جس میں میزوں سے لے کر برف کی کرسیاں شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں روزانہ سیاح کشمیری قہوہ اور دیگر پکوانوںسے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہا ’’ تین سال پہلے جب میںسوئزرلینڈ گیا تھا تو وہاں میں نے ایسا ہی ایک فن پارہ دیکھا تھاجس سے میں متاثرہوا اور اب میں نے یہ قدم اٹھایا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس کیفے میں ایک ہی وقت 16 مہمانوں کی خدمت کرسکتے ہیں ۔ شاہ نے بتایا کہ اس کیفے کو تیار کرنے میں بیس دن لگے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ کام 20 ممبروں کی ٹیم نے دو شفٹوں میں انجام دیا ہے۔ اس اگلو کیفے کیاندر اور باہر مقامی اوربیرون جموں کشمیر کے سیاح سلفی لیتے ہیں‘‘۔کیفے فروری کے آخر تک کام کرے گا۔