سرینگر //وادی میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کی صبح ہلکی برف باری کے نتیجے میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری کے نتیجے میںلوگوں نے ٹھٹھرتی سردی سے قدرے راحت محسوس کی۔تاہم بعد میں دن بھر شدید سردی کا زور ریا۔ صبح کے وقت سڑ کوں پر جمع شدہ ہلکی بر ف سے کئی علاقوں میں پھسلن پیدا ہونے کے سبب گا ڑیوں کی آ مد رفت جزوی طور پر متاثرہوئی ۔اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دوپہر سے 8فروری کی شام تک موسم بہتر رہے گا۔بد ھ کی شب مطلع ابر آلود رہنے کے بعدموسم نے کروٹ لی اور سرینگر شہراور دیگر کئی بالائی و میدانی علاقہ جات میں دوران شب ہی ہلکی برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں صبح ساڑھے آٹھ بجے تک0.8 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی تھی تاہم بعد میں گیارہ بجے سے قبل ہی برف باری کا سلسلہ تھم گیا جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھی برف کی ایک تازہ پرت بچھ گئی ۔تازہ برف باری کے نتیجے میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے ۔سرینگر میں گذشتہ رات کاکم سے کم درجہ حرارت 0.4ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیااوریہ چلہ کلان میں اب تک کا سب سے بہتر شبانہ درجہ حرارت تھا۔جبکہ دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت2.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8اور زیادہ سے زیاد ہ 1.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔اسی طرح سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9اور زیادہ سے زیادہ 2.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2اور زیادہ سے زیادہ د 4.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔سیاحتی مقام گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت منفی 5.2ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 2.4ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی کے بیشتر علاقوں میں تازہ مگر ہلکی برفباری کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ درج ہوا ۔اس سلسلے میں کپوارہ، ہندوارہ،بارہمولہ اور شمالی کشمیر کے دیگر کئی علاقوں میں برف کی ہلکی چادر بچھ گئی تھی تاہم کئی علاقوں میں ہلکی برفباری نہیں ہوئی۔ گلمرگ اور ٹنگمرگ میں 4سے 6انچ تازہ برف جمع ہوئی جبکہ کوکرناگ، ویری ناگ، دمحال ہانجی پورہ کولگام اور دیگر بالائی علاقوں میں معمولی برف گری۔ محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آج دوپہر سے وادی میں موسم میں تبدیلی آئے گی اور 8فروری تک موسم خشک رہے گا ۔
فضائی سروس میں خلل
۔4پروازوں میں تاخیر
اشفاق سعید
سرینگر //سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موسم کی خرابی کے باعث بدھ کوکچھ دیر معطل رہنے کے بعد فضائی سروسز بحال ہوگئی۔بدھ کی درمیانی رات وادی میں ہونے والی تازہ برف باری کے نتیجے میں سرینگر ائرپورٹ پر کم روشنی اور رن وے پر برف کی موجودگی کے نتیجے میں اڑانوں کے اوقات میںرد وبدل کیاگیا،اور اس دوران چار پروازوں نے تاخیر سے اڑان بھری۔ ان میں G8179۔G8.287۔ G8.358۔G8192شامل ہیں۔ڈائریکٹر سرینگر ائر پورٹ سنتوش ڈھوک کے مطابق رن وے صاف کرنے اور روشنی میں بہتری کے بعد فضائی سروسز بحال کی گئی اور دن کو تمام پروازوں نے اڑانیں بھریں ۔معلوم رہے کہ کشمیر وادی میں جنوری کے مہینے میں پہلے 4 سے7 جنوری تک پروازوں کے منسوخ ہونے کا سلسلہ جاری رہا بعد میں 17اور18کو بھی رن وے پر موسمی صورتحال کے باعث پروازیں اڑان نہیں بھر سکیں۔ بدھ کو ایک مرتبہ پھر پروازیوں میں خلل پڑا جس کے سبب مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
شاہراہ کی ضروری مرمت
آج ٹریفک بند رہیگا
محمد تسکین
بانہال //ضروری مرمت کے پیش نظر آج جمعرات کو سرینگر جموں شاہراہ ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند رہے گی ۔ ادھر مغل شاہراہ گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل بند پڑی ہوئی ہے ۔شاہراہ پر پہلے جمعہ کو ضروری مرمت کی جاتی تھی اور اسی روز ٹریفک بھی بند رہتا تھا لیکن پچھلے دنوں اب جمعرات کا دن مقرر کیا گیا ہے۔ آج شاہراہ پر دونوں طرف کے ٹریفک پر چلنے پر پابندی ہوگی اور یکطرفہ ٹریفک بھی نہیں چلے گا۔ مسافروں اور سیکورٹی فورسز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جمعرات کے روز شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔