اننت ناگ// پولیس نے بجہباڑہ کے نوجوان کو جنگجوئوں کیلئے کام کرنے کی بنا پر دلی ہوائی اڈے پرگرفتار کیا ۔ مذکورہ نوجوان کو قطر سے ملک بدر کیا گیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق منیب احمد صوفی ولد بلال احمد صوفی ساکن کنلون بجبہاڑہ کو قطر سے جلاوطنی کے بعد کولگام پولیس نے حراست میں لیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ، منیب احمد صوفی کے خلاف پولیس سٹیشن دیوسر میں ایک کیس زیر نمبر 58/2020درج ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ منیب صوفی جیش محمد کیلئے فنڈ جمع کرنے کے معاملے میں ملوث ہے۔ مذکورہ معاملے کی تفتیش کے دوران ، ایک جنگجوساتھی گرفتار ہوا جس نے انکشاف کیا کہ وہ جنگجوئوں کے دیگر اپر گرائونڈ ساتھیوں کے ساتھ مل کر جیش محمدکیلئے وادی کشمیر کے مختلف اضلاع سے رقم اکٹھا کررہا تھا۔ اس کے بعد مذکورہ رقم منیب احمد صوفی کے حوالے کردی جاتی تھی، جو قطر میں مقیم ہے اور وہ پاکستان سے اسلحہ اور گولہ بارود کی خریداری کیلئے ولید بھائی نامی پاکستان میں مقیم ایک جنگجو سے رابطے میں تھا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ولید بھائی کو گذشتہ سال کولگام میں ہونے والے ایک انکاؤنٹر میں نامزد کیا گیا تھا۔اسی مناسبت سے منیب احمد صوفی کے خلاف لک آؤٹ نوٹس شائع ہوا تھا اور متعلقہ عدالت سے پولیس کا ایک ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کیا گیا تھا۔ مذکورہ ملزم کو قطر سے ہندوستان جلاوطن کرنے کے نتیجے میں ، اسے اندرا گاندھی ایئر پورٹ نئی دہلی سے گرفتار کیا گیا۔
حاجن سوناواری سے3گرفتار
اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، کیس درج
ارشاد احمد
گاندربل// پولیس نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ حاجن سوناواری میں لشکر طیبہ کے 3اعانت کاروں کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے ان کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیاگیا۔پولیس کے بیان کے مطابق مصدقہ اطلاعات کی بنا پررکھ عشم حاجن میں 13 آر آر،45 بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ممنوعہ عسکریت پسند تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ 3 معاونت کاروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جن کی شناخت بشیر احمد میر ولد عبدلا احد ساکن رکھ عشم،عرفان احمد بٹ ولد غلام احمد ساکن بونہ کھن حاجن اور ہلال احمد پرے ولد غلام مصطفی پرے ساکن پرے محلہ حاجن کے طور پر ہوئی۔ ان کی تحویل سے 3دستی بم، ایک رائفل، اور گولیاں برآمد کرتے ہوئے ان کے خلاف کیس زیر نمبر10/2021درج کیا گیا ۔