اننت ناگ //کوکرناگ میں ٹروٹ مچھلی فارم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے 2 لاکھ انڈوں کو بیرون ملک روانہ کیا ہے۔کوکرناگ میں ایشیاء کا سب سے بڑا مچھلی فارم ہے، جہاں مچھلیوں کی پیداوار ہر سال بڑھتی جا رہی ہے۔20 ہیکٹر پر پھیلے ہوئے مچھلی فارم میں رینبو ٹراؤٹ مچھلی کی بہترین پیداوار نہ صرف جموں و کشمیر میں بلکہ ملک کی مختلف ریاستوں اور شہروں میں فروخت کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ یہاں سے ملک و بیرون ممالک میں مچھلیوں کے انڈوں کو برآمد کیا جارہاہے۔اتوار کو فارم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے مزید 2لاکھ انڈوں کو سکم روانہ کر دیا ہے۔ جبکہ گزشتہ مہینے محکمہ نے 5 لاکھ انڈے اروناچل پردیش، ناگا لینڈ اور اْتراکھنڈ بھیج دئے ہیں۔ محکمہ فشریز کو سال بھر مذکورہ فارم سے کروڑوں روپے کی آمدنی حاصل ہوتی ہے۔رینبو ٹرائوٹ فارم میں تعینات چیف پروجیکٹ آفیسر ایم ایم بزاز کا کہنا ہے کہ کامیابی کا سہرا پرنسپل سیکرٹری فشریز نوین کمار چودھری کے سر جاتا ہے جنہوں نے ضلع اننت ناگ کو ٹرائوٹ مچھلی پیداوار کے لئے قرار دیا اور اس کے علاوہ فارم میں تعینات ملازمین کی کاوشوں سے فارم ملک میں اول مقام حاصل کرچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ فارم میں دن بہ دن مچھلیوں کی پیداوار بڑھ رہی ہے۔ جنہیں پالنے کے لئے اْنہیں کافی محنت و مشقت کرنی پڑتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال فارم سے محکمہ فشریز کو 1.83 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔سی پی او کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت جموں وکشمیر میں فارم سے قریباً 583 یونیٹوں کو انڈے مہیا کی جاتی ہے۔