سرینگر//پارلیمنٹ حملے میں ملوث قراردیئے گئے محمدافضل گوروکوتختہ دار پر چڑھانے کی ساتویں برسی کے موقعہ پر منگلوار کو سرینگراورسوپورمیں بغیر کسی کال کے متعدد علاقوں میں ہڑتال رہی۔اس دوران دکانیں ، تجارتی ادارے اورکوچنگ مراکزبند رہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی کئی روٹوں پر معطل رہا تاہم سڑکوں پرنجی گاڑیوں کی آواجاہی بدستور جاری تھی۔سرینگر کے لال چوک،ریذیڈنسی روڈ،مائسمہ ،امیراکدل،ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ اور جہانگیر چوک میں دکانیں اور تجارتی ادارے بند رہے۔انتظامیہ نے کسی ناخوشگوارواقعہ کوٹالنے کیلئے فورسز کی خاصی تعداد کوسڑکوں پرتعینات کیاتھا۔اس دوران محمدافضل گورور کے آبائی قصبے سوپور میںجزوی ہڑتال رہی۔عینی شاہدین کے مطابق سوپور میں ہڑتال کے دوران دکانیں اور تجارتی ادارے بند رہے تاہم ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چلتا رہا۔مجموعی طور قصبے میں صورتحال پرامن رہی۔