سرینگر//اپنی پارٹی ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ نے ضلع سرینگر میں راشن کٹوتی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوابدیدی راشن کٹوتی سے پوری وادی میں تشویش ناک صورتحال پیدا ہوئی ہے۔شیخ نے کہاکہ لوگوں کو راشن حاصل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ نظامت برائے خوراک وامورصارفین وعوامی تقسیم کاری خواب ِ غفلت میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ خوراک شہری رسدات اور امور صارفین محکمہ کشمیر نے وادی کشمیر میں رہائش پذیر لوگوں کے مطالبہ کو نظر انداز کرتے ہوئے ظالمانہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ میں کہا ہے کہ ’’متعدد افراد ہمارے پارٹی دفترپہنچے اور محکمہ امور صارفین وعوامی تقسیم کاری کی طرف سے راشن کوٹا میں حالیہ کٹوتی پرگہری تشویش ظاہر کی ہے۔ لوگوں سے آدھار اندراج کے لئے کہاجارہا ہے جس میں کئی ماہ لگ جائیں گے تب تک متعلقہ محکمہ ایک نقش راہ اختیار کر ئے کہ لوگوںکو ضرورت کے مطابق ماہانہ راشن دیاجائے۔ شیخ نے کہاکہ راشن میں لگاتار کٹوتی سے وادی کشمیر خاص طور سے سرینگر ضلع میں لوگوں میں الگ تھلگ ہونے اور اجنبیت کا احساس پیدا ہوا ہے، بغیر کوئی پیشگی ایڈوائزری جاری کئے ، رسمی لوازمات سے لوگوں کو بڑے پیمانے پر مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر جموں وکشمیر سے گذارش کی کہ براہ کرم راشن کٹوتی معاملہ کو دیکھیں اور لوگوں کی مشکلات ومسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے جوکہ متعلقہ انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔