سرینگر// جے اینڈ کے بینک کے فائنانشل لٹریسی کریڈٹ کونسلنگ (ایف ایل سی سی) مرکز بڈگام نے ضلع کے سویبگ اور بی کے پورہ بلاکوں میں مالی خواندگی ہفتہ کے دوران مختلف بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جہاں ضرورت کے مطابق مالیاتی اداروں سے حاصل شدہ قرضوں کی حوصلہ افزائی اور کریڈٹ نظم و ضبط کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔کیمپوں کے دوران لوگوں کو باضابطہ مالیاتی اداروں سے سہولیات حاصل کرنے کی ترغیب دی گئی اور کریڈٹ ڈسپلن کو فروغ دینے کے فوائد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ شرکاء کو مالی اور ڈیجیٹل خواندگی کی اہمیت اور مختلف سماجی تحفظ سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ منتظمین نے روزگار پیدا کرنے والی مختلف اسکیموں ، کسان کریڈٹ کارڈ اور دیگر مالی شمولیت کی مصنوعات حاصل کرنے پرزور دیا۔ کیمپوں میں سوال و جواب کے سیشن بھی ہوئے۔سہولت کار ایف ایل سی سی بڈگام کے علاوہ بزنس یونٹ خمینی چوک اور بی کے پورہ کے سربراہ بھی موجود تھے۔