دبئی // متحدہ عرب امارات کا ’’امید‘‘ نامی خلائی مشن مریخ کے مدار میں کامیابی سے داخل ہوگیا۔ عرب دنیا کا یہ پہلا خلائی مشن منگل کی شام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ مشن مکمل ہوگیا۔ خلائی مشن مریخ کے گرد مدار میں پہنچ گیا ہے۔ ایک ایس یو وی کے حجم کا یہ اسپیس کرافٹ 9 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 14 منٹ میں مریخ کے مدار میں داخل ہوا۔ امید مشن 20 جولائی کو جاپان سے روانہ کیا گیا تھا اور 7 ماہ کے طویل سفر کے بعد سرخ سیارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔ ہوپ مشن کی کامیابی کے بعد متحدہ عرب امارات پہلا مسلمان ملک اور دنیا کا پانچواں ملک بن گیا ہے۔