سری نگر//ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے یہاں ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج ، وزیر اعظم کی تعمیر نو منصوبے کے تحت منظور شدہ صوبہ کشمیر میں مختلف سیاحتی سرکٹوں میں چلائے جانے والے منصوبوں کی صورتحال اور کیپکس بجٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر ڈائریکٹوریٹ ٹورازم کشمیر کے اثاثوں کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر تبسم کاملی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایم اینڈ ڈبلیو سیّد ظہور ، مختلف ترقیاتی اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹیو اَفسران ، ایگزیکٹو انجینئروں اور محکمہ سیاحت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ناظم سیاحت کو سیاحت کے شعبے میں جاری متعدد جاری منصوبوں کے بارے میں جانکاری دی گئی جس میں سیاحوں کے سہولیت مراکز ، سیاحوں کے اِستقبالیہ مراکز ، بیت الخلاء ، بائیو ڈائجسٹس کی تنصیب ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، پارکنگ ، پاتھ ویز اور فوڈ کورٹس ، لینڈ سکیپنگ، لائٹنگ کی تنصیب ، جیٹیوں کی تعمیر ، مغل باغات اورسیاح کے مقامات پر سہولیات ، آف بیٹ منزلوں تک پہنچنے والی سڑکوں کومیکڈمائزیشن کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ڈاکٹرجی این اِیتو نے عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ پی ایم ڈی پی کے تحت زیر التوأ سیاحت کے تمام منصوبے کام کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے فوری طور پر مرمت کے کاموں اور برفباری کے باعث تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر منصوبے کی صورتحال کے بارے میں فوری طور پر رپورٹ پیش کریں۔ڈائریکٹر سیاحت کشمیر نے کہا کہ وہ پورے ملک سے آنے والے سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے کشمیر کی مختلف مقامات کی بھر پور تشہیر کریں۔اُنہوں نے کہا ’’ہم ٹریول مارٹوں میں حصہ لیں گے اور ملک بھر کے بہت سے شہروں میں روڈ شوز کا بھی اہتمام کریں گے اور موسم گرما کے موسم میں سیاحوں کی آمد کی ایک اچھی آمد کی توقع کر رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے محکمہ سیاحت کے افسران سے کہا کہ کہ وہ گرمائی موسم کے سیاحتی سیزن کے لئے تیار رہیں اور یہ یقینی بنائیں کہ سیاحوں کی جگہوں پر دستیاب سہولیات کو اچھی طرح سے برقرار رکھا جائے اور وہ سیاحوں کی میزبانی کے لئے تیار رہیں۔