جموں//لیفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے لفٹینٹ گورنر کی ہدایات کی عمل آوری کا جائیزہ لینے کیلئے میٹنگ طلب کی ۔ دورانِ میٹنگ یو ٹی کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنران نے ڈیجٹائیزیشن پروگرام کی تفصیلات پیش کیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ای آفس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہاتھ میں لئے گئے دیگر ڈیجٹل اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ ڈیجٹل خدمات شیڈول کے مطابق جاری ہیں اور زیادہ تر ویب اور ایپس پر مبنی خدمات کا آغاز مارچ کے پہلے ہفتے میں کرنے کیلئے تیار ہوں گے ۔ مشن کے تحت ہوشیار ، مدد گار ، لوک متر ، بھومی سرکھشا ، ای دربار ، ای سودھا اور دیگر ایپ عوامی خدمات کی فوری فراہمی یقینی بنائیں گے ۔ لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایات کے تحت ضلع ویب سائیٹوں کی بروقت اپ ڈیشن اور عوامی اطلاعات اپ لوڈ کرنے کیلئے ایک یکساں معیار کو متعارف کرنے کی ہدایات ڈپٹی کمشنروں کو دی گئیں ۔ ڈپٹی کمشنروں کو مزید بتایا گیا کہ ان سائیٹوں پر دستیاب ٹیلی فون ڈائریکٹریوں کو بھی اپ ڈیٹ کیا جائے ۔ واضح رہے کہ لفٹینٹ گورنر مستقبل قریب میں ویب پر مبنی ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام اضلاع کی نگرانی کریں گے اور تجزیاتی اندراجات بھی پڑھیں گے ۔ انتظامی سیکریٹریوں اور مختلف محکموں کے نمائندوں نے میٹنگ کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے متعلقہ محکموں میں اس سلسلے میں درج حصولیابیوں سے متعلق جانکاری پیش کی ۔ دورانِ میٹنگ پرنسپل سیکرٹری نے مبارک منڈی کمپلیکس ، جل جیون مشن کے تحت جاری کاموں اور محکمہ جنگلات کی جانب سے شجر کاری کے پروجیکٹوں سے متعلق جانکاری طلب کی ۔ کمشنر سیکرٹری محنت و روز گار نے میٹنگ میں بتایا کہ محکمہ پہلے ہی 35 آن لائین خدمات فراہم کر رہا ہے انہوں نے لیبر قوانین کیلئے نئے مسودے کے بارے میں بھی میٹنگ میں جانکاری دی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ کے حکام کو محکمہ کی جانب سے حاصل کئے جا رہے سیس ( ٹیکس ) کو کامگاروں کی فلاح و بہبود پر صرف کرنے کی ہدایت دی ۔ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا ،ایس ای ایچ اے ٹی سکیم سے متعلق پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ سکیم کو ہر ضلع میں لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو صحت کارڈوں کی صد فیصد فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ سکل ڈیولپمنٹ محکمہ کے نمائندگان نے پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی کہ جموں میں ٹاٹا گروپ کے اشتراک سے قائم کیا جا رہا سکل سنٹر مارچ تک تیار ہو گا ۔ محکمہ زراعت کے حکام نے بیجوں کی تقسیم کاری سے متعلق میٹنگ کو جانکاری دی۔ انہوں نے پرنسپل سیکرٹری کو بتایا کہ اس قدم کے تحت 200 ہیکٹر اراضی بھی کاشتکاری کے دائرے میں لائی جا رہی ہے ۔ دیگر محکموں جن میں سکولی تعلیم ، سماجی بہبود ، داخلہ ،تعمیراتِ عامہ ، بجلی ، مال، ٹرانسپورٹ ، سیاحت و قبائلی امور کے کام کاج کا بھی دورانِ میٹنگ جائیزہ لیا گیا ۔