جموں// سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج شیتل نندا نے راجوری اور پونچھ اضلاع کا دو دِن کا دورہ مکمل کیا۔دُورے کے دوران سیکرٹری نے مختلف سکیموں کے تحت اضلاع میں محکمہ کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے دونوں اَضلاع میں محکمہ کے کام کے حوالے سے جائزہ میٹنگ طلب کی ۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کے شون ، ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں سدھارشن کمار ، ایڈیشنل سیکرٹری آر ڈی ڈی پرن سنگھ ، اسسٹنٹ کمشنرڈیولپمنٹ ،راجوری اور پونچھ کے بی ڈی اوز نے شرکت کی۔اے سی ڈیز نے اپنے اپنے علاقوں میں محکمہ کے مجموعی کام کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی ۔ اُنہوں نے مختلف سکیموں کے تحت درج طبعی اور مالی کامیابیوں کے بارے میں جانکاری دی۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ پونچھ ضلع میں ایم جی آر ای جی اے کے تحت 3000 کے قریب کام مکمل ہوچکے ہیں اس طرح 20 لاکھ سے زیادہ ایام کار پیدا ہوں گے اور زائد از 78 ہزار اَفراد کو روزگار فراہم کیا جاسکے۔ اِسی طرح راجوری میں زائد از5000 کام مکمل ہوچکے ہیں اور اس طرح ضلع میں کل 21 لاکھ ایام کار پیدا ہوتے ہیں۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ ضلع راجوری میںزائد از 5000 جبکہ پی ایم اے وائی (جی) کے تحت پونچھ میںزائد اَز 2000 مکانات مکمل ہوچکے ہیں۔سیکرٹری نے اثاثوں کی جیو ٹیگنگ کے علاوہ محکمہ کے تحت انجام دیئے گئے کاموں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کا مقصد تبھی پورا ہوگا جب ہر اہل مستفید کو محکمہ کی سکیموں کا فائدہ ملے گا۔ اُنہوں نے محکمہ کے افسران اورمتعلقین سے کہا کہ وہ پوری لگن اور عزم کے ساتھ کام کریں تاکہ طے شدہ اہداف کومقررہ مدت کے اندر حاصل کئے جاسکیں۔بعد میں سیکرٹری نے راجوری میں آر ڈی ڈی کمپلیکس کے میٹنگ ہال کا اِفتتاح کیا جومیٹنگوں ، تربیت اور اسی طرح کے پروگراموں کے انعقاد میں محکمہ کی سہولیت فراہم کرے گا۔