واشنگٹن // امریکی سینیٹ میں سابق صدر ٹرمپ کے مواخذے کے حوالے سے ڈیموکریٹس نے اپنے دلائل مکمل کرلیے۔ ڈیموکریٹ ارکان کا کہنا تھا کہ اگر سابق صدر کو اپنے کیے کی سزا نہ دی گئی تو وہ دوبارہ لوگوں کو تشدد پر اْکسا سکتے ہیں۔ مواخذے کی کارروائی کے دوران ڈیموکریٹک ارکان نے سابق صدر کو 6جنوری کے پرتشدد واقعات کے تناظر میں سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ اس سلسلے میں ڈیموکریٹک ارکان نے سی سی ٹی وی کی فوٹیج اور دیگر شواہد پیش کیے، جن سے واضح ہو گیا کہ کانگریس کی عمارت پر چڑھائی کرنے والوں کو صدر ٹرمپ نے اْکسایا تھا۔ اپنے کیس کے حق میں ڈیموکریٹک ارکان نے ہنگامہ آرائی کے عینی شاہدین کی گواہیاں بھی پیش کیں، جن میں پولیس، انٹیلی جنس افسران، سرکاری ملازمین اور عالمی میڈیا کے نمایندوں کے انٹریو شامل ہیں۔ استغاثہ کی ٹیم کے مرکزی رکن جیمی راسکن نے اپنے دلائل میں کہا کہ 6جنوری کو جو کچھ ہوا اس بارے میں ارکان کو منطقی انداز میں سوچنے کی ضرورت ہے۔