سرینگر// پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کیلئے سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹل بنک کی قرضوں اور دیگر سہولیات و اسکیموں سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے باہمی مفاہمت نامے پر دستخط کئے۔ اس موقعہ پر پی ایچ ڈی چیمبرکے صدر سنجے اگروال اور’’ ایس آئی ڈی بی آئی‘‘ کے جنرل منیجر ڈاکٹر ایس ایس آچاریہ نے دستخط کئے۔سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹل بنک ایک کل ہند مالیاتی ادارہ ہے،جو چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کو سرمایہ کاری میں معاونت اور قرضوں کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔پی ایچ ڈی چیمبر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ممبران کو سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹل بنک کے مصنوعات سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے ان کے ساتھ جوڑے گا۔ پی ایچ ڈی چیمبر کا کہنا ہے کہ اس انجمن کو خصوصی طور پر چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کی نگرانی ،رہنما خطوط کی فراہمی کیلئے قائم کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ چیمبر نے کئی اداروں جن میں بنک،مالیاتی ادارے اور دیگر ادارے شامل ہیں، کے ساتھ جوڑتے ہوئے ان اداروں کی اسکیموں اور فوائد سے مستفید کیا۔ چیمبر کا کہنا ہے کہ سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹل بنک اور پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے درمیان میمورنڈم پر دستخط کرنے سے چیمبر کو کئی ایک اسکیموں کا استفادہ حاصل ہوگا۔سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹل بنک نے بھی پی ایچ ڈی چیمبر کی پہل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بھر میں ان کے شاخوں کے نیٹ ورک پی ایچ ڈی چیمبر کے ممبران کو مختلف اسکیموں کے تحت معاونت کرنے میں خوشی محسوس کریں گے۔